رسائی کے لنکس

ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دھماکوں میں 100 سے زائد ہلاکتیں، درجنوں زخمی


ایرانی پاسدرانِ انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے کرمان میں واقع مقبرے کے قریب دھماکوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق دھماکے جنوب مشرقی شہر کرمان میں اس وقت ہوئے جب وہاں قاسم سلیمانی کی برسی کی تقریب جاری تھی۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق پہلے دھماکے کے تقریباً 15 منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوا جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

ایک اعلیٰ ایرانی عہدے دار نے ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ارنا' کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد مقبرے کی جانب جانے والی شاہراہ کے اطراف نصب کیا گیا جسے دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اُڑا دیا۔

واضح رہے کہ امریکہ نے 2020 میں ایران کی پاسدرانِ انقلاب قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراق میں ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا تھا جس میں قاسم سلیمانی ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے تھے۔

جنرل سلیمانی پاسدارانِ انقلاب کی 'قدس فورس' (سپاہِ قدس) کے سربراہ تھے۔ قدس فورس غیر روایتی طرزِ جنگ، انٹیلی جینس آپریشنز اور بیرونِ ملک کارروائیوں کی نگراں فورس ہے اور اس کے سربراہ کی حیثیت سے جنرل سلیمانی ایران کے اندر اور مشرقِ وسطیٰ میں سرگرم ایران نواز جماعتوں اور مسلح گروہوں میں بہت اثر و رسوخ رکھتے تھے۔

سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ کرمان صوبے کے ایک مقامی عہدے دار کا کہنا تھا کہ یہ "دہشت گردی" کی کارروائی ہے۔ تاحال کسی گروپ نے دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

ایران کی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان بابک یکتاپرست نے دھماکوں میں 100 سے زائد ہلاکتوں اور 170 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ایرانی میڈیا کی طرف سے نشر ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں لاشیں اردگرد بکھری ہوئی ہیں اور لوگ زندہ بچ جانے والوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دیگر علاقے سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کرمان کی ہلالِ احمر سوسائٹی کے سربراہ رضا فلاح نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ تقریب کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود زوردار دھماکے ہوئے۔

ہلالِ احمر سوسائٹی کے رضاکاروں نے زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی۔ ایران کے بعض خبر رساں اداروں نے دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ایران میں یومِ سوگ کا اعلان

ایران نے دھماکوں کے بعد جمعرات کو یومِ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن نے بدھ کو اعلان کیا کہ "کرمان میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد حکومت نے جمعرات کو سوگ کا اعلان کیا ہے۔"

فورم

XS
SM
MD
LG