رسائی کے لنکس

کولمبیا: سیاحوں سے بھری کشتی الٹ گئی، درجنوں لاپتا


Soldiers and rescue workers flat at the site where a ferry sank in a reservoir in Guatape, Colombia, June 25, 2017.
Soldiers and rescue workers flat at the site where a ferry sank in a reservoir in Guatape, Colombia, June 25, 2017.

حادثہ پیر کو گواتیپ نامی ایک جھیل میں پیش آیا جو ایک معروف سیاحتی مقام ہے۔

لاطینی امریکہ کے ملک کولمبیا میں سیاحوں سے بھری ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 28 لاپتا ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ پیر کو گواتیپ نامی ایک جھیل میں پیش آیا جو ایک معروف سیاحتی مقام ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ چار منزلہ کشتی پر ڈیڑھ سو سے زائد مسافر سوار تھے جو اپنا سفر شروع کرنے کے چند منٹوں بعد ہی حادثے کا شکار ہوگئی۔

زندہ بچ جانے والے بعض مسافروں کے مطابق انہوں نے کشتی پر ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی تھی جس کے چند منٹوں کے اندر اندر کشتی ڈوب گئی۔

امدادی سرگرمیوں کی نگران مارگریٹا مونکاڈا نے بتایا ہے کہ امدادی اہلکاروں نے 99 مسافروں کو ڈوبنے سے بچایا ہے جب کہ 40 دیگر اپنے تئیں تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

مارگریٹا نے بتایا کہ کشتی کو ڈوبتے دیکھ کر نزدیک موجود دیگر کشتیاں وہاں پہنچ گئی تھیں جنہوں نے کئی مسافروں کو ڈوبنے سے بچایا۔

ان کے مطابق اب تک نو ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 28 افراد لاپتا ہیں۔

لاپتا افراد کو کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے تلاش کیا جارہا ہے۔ حکام نے تلاش میں مدد دینے کے لیے تیراکوں کو بھی علاقے میں تعینات کردیا ہے۔

کولمبیا کے صدر ہوان مینوئل سانتوس بھی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے گواتاپے پہنچ گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے۔

XS
SM
MD
LG