رسائی کے لنکس

مزید درجنوں ریپبلکن رہنما ٹرمپ کی مخالفت میں سامنے آ گئے


ریپبلکن جماعت کے اہم رہنماؤں کے ایک اور گروپ نے کہا ہے کہ وہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہیں کریں گے۔ یہ رواں ہفتے دوسرا موقع ہے جب کہ اس سے قبل اس جماعت کے سکیورٹی و سلامتی اور تجارتی ماہرین بھی ٹرمپ سے متعلق ایسی ہی رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔

جماعت کے 70 سے زائد ارکان جن میں سابق کانگریس اراکین، ریگن اور دونوں بش صدور کی انتظامیہ میں شامل رہنے والے سینیئر ارکان بھی شام ہیں، نے ریپبلکن نیشنل کمیٹی "آر این سی" کے چیئرمین کے نام خط لکھا ہے۔

یہ ممبران چاہتے ہیں کہ ’آر این سی‘ ٹرمپ کی حمایت کے لیے ریپبلکن کا پیسہ، وقت، کارکنان اور تشہیر بند کرے اور اس کی بجائے یہ وسائل ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے امیدواروں پر صرف کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ نومبر میں ٹرمپ کے جیتنے کے امکانات دن بہ دن ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

بعض دیگر وجوہات کے علاوہ معترض اراکین کے پیش نظر ٹرمپ اور عراق میں جان دینے والے مسلمان امریکی فوجی کے والدین کے درمیان ہونے والی بیان بازی اور "مختلف چھوٹے بڑے امور پر ٹرمپ کی طرف سے دروغ گوئی"بھی شامل ہے۔

ریپبلکن کمیونیکیشنز کے عہدیدار اینڈریو وائن سٹئین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ "اگر آر این سی فوری طور پر اپنی توجہ منتقل نہیں کرتی تو نومبر میں ٹرمپ کا معاملہ کانگریس میں ہماری اکثریت کو بھی تباہ کر سکتا ہے۔ ہم اور زیادہ انتظار کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ ہم اپنے وسائل وہاں صرف کریں جہاں ہم جیت سکتے ہیں بجائے اس کے اور زیادہ پیسہ کامیاب نہ ہو سکنے والے صدارتی امیدوار پر لگائیں۔"

تاحال اس بارے میں ٹرمپ کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پیر کو ریپبلکن جماعت کے 50 رہنماوں نے بھی ایک خط میں کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کی حمایت نہیں کریں گے کیونکہ ان کے نزدیک ٹرمپ صدارت کے اہل نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG