رسائی کے لنکس

کاروبار جلدی کھولنے والے کہیں مشکل میں نہ پڑ جائیں، ڈاکٹر فاؤچی


وبائی امراض کے ماہر اور وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر فاؤچی نے خبردار کیا ہے کہ معیشت کو جلدی کھولنے سے وبا کو نئی زندگی مل سکتی ہے۔

امریکہ میں کئی ریاستوں کے گورنر کاروبار کھولنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فاؤچی نے انھیں مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کے پاس کرونا وائرس کے تمام مریضوں کا پتا لگانے کی صلاحیت نہ ہو تو جلدی نہ کریں۔

این بی سی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ''ایسا نہ ہو کہ آپ ایک جست لگائیں لیکن ایسی صورتحال میں پھنس جائیں کہ پھر واپسی کی خواہش پر مجبور ہوجائیں۔ میں اس بارے میں فکرمند ہوں۔ مجھے امید ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے''۔

کئی ریاستوں کے گورنروں نے حالیہ دنوں میں کہا ہے کہ ریسٹورنٹس، ہئیر سیلون، جمنازیم اور چھوٹی دکانوں کے مالکان چاہیں تو کاروبار کھول لیں۔

وفاقی حکومت کی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت یکم مئی کو ختم ہوجائے گی اور صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اس میں توسیع کا ارادہ نہیں رکھتے۔ بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اس کا جواز یہ پیش کیا کہ اب گورنرز خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

مجموعی طور پر 9 ریاستوں کے گورنر کاروبار کھولنے کی اجازت دے رہے ہیں، جبکہ مزید 16 گورنر پابندیاں نرم کر رہے ہیں۔ باقی 25 ریاستوں میں کاروبار فی الحال بند رہے گا یا کچھ بندشیں برقرار رہیں گی۔

ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ جو ریاستیں کاروبار کھولنا چاہتی ہیں انھیں وفاقی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے اور اسی صورت میں معیشت کھولنی چاہیے جب نئے کرونا وائرس کیس مسلسل دو ہفتے سے کم ہو رہے ہوں۔

کئی ریاستوں میں کرونا وائرس کے کیس کم نہیں ہو رہے۔ لیکن وہ کاروبار کھولنے والی ہیں۔

ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کا اس قابل ہونا ضروری ہے کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا تمام افراد کی شناخت اور انھیں قرنطینہ کرسکیں اور ان سے تعلق رکھنے والوں پر نظر رکھ سکیں، کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بعد میں مسائل پیش آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے آپریشن ریپ اسپیڈ منصوبے کا حصہ ہیں جس کا مقصد یہ ہے کہ جتنی جلد ممکن ہوسکے، کرونا وائرس کی ویکسین بنائی جائے۔ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ ویکسین بننے کی صورت میں جنوری تک کروڑوں افراد کو دستیاب ہوجائے گی۔

ڈاکٹر فاؤچی نے کہا کہ ہم ویکیسن جلد تیار کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن، یہ بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ وہ محفوظ اور موثر ہو۔ جلدبازی میں بڑی تعداد میں کوئی ویکیسن بنالیں اور وہ کام نہ کرے تو کیا فائدہ۔ لیکن اگر سب کچھ ٹھیک ہوتا رہے یعنی ویکسین جلد بن جائے تو یہ ممکن ہے کہ 2021 کے آغاز تک وہ بڑی مقدار میں دستیاب ہوجائے۔

XS
SM
MD
LG