رسائی کے لنکس

logo-print

دبئی ایئرپورٹ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار


دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا ایک منظر (فائل فوٹو)

دبئی کا ہوائی اڈہ 'ایمیریٹس' ایئرلائن کا مرکز ہے جس کا شمار دنیا کی چند بڑی اور لگژری ایئرلائنز میں ہوتا ہے۔

دبئی ایئرپورٹ کو مسلسل چوتھے سال بھی دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ قرار دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'وام' کے مطابق 2017ء میں بھی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بین الاقوامی پروازوں اور مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ رہا۔

رپورٹ کے مطابق 2016ء کے مقابلے میں گزشتہ سال دبئی کے ہوائی اڈے پر بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 46 لاکھ کا اضافہ ہوا۔

اس تعداد میں اضافہ امریکہ کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ سے براہِ راست امریکہ آنے والی پروازوں پر لیپ ٹاپ لانے کی پابندی کے باوجود ہوا جس سے 'ایمیریٹس' ایئر لائن بھی متاثر ہوئی تھی۔

دبئی کا ہوائی اڈہ 'ایمیریٹس' ایئرلائن کا مرکز ہے جس کا شمار دنیا کی چند بڑی اور لگژری ایئرلائنز میں ہوتا ہے۔

اس پابندی کے چند ماہ بعد ہی گزشتہ سال جولائی میں ایمیریٹس نے اعلان کیا تھا کہ اضافی حفاظتی انتظامات کے بعد امریکی حکام نے دبئی سے امریکہ آنے والی پروازوں پر لیپ ٹاپ لانے پر پابندی اٹھالی ہے۔

دبئی ایئرپورٹ نے 2014ء میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہونے کا اعزاز چھینا تھا جس کے بعد سے دبئی نے اپنا یہ اعزاز برقرار رکھا ہے۔

دبئی مشرقِ وسطیٰ کے ان کئی ہوائی اڈوں میں شامل ہے جو بین الاقوامی فضائی راستوں پر موجودگی اور اپنی سہولتوں کے باعث مسلسل فروغ پذیر ہیں اور دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہونے لگے ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG