رسائی کے لنکس

دبئی میں سجے گا بہترین پاکستانی فنکاروں اور ڈراموں کا میلہ


کسی بھی ٹیلی وژن نیٹ ورک کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر کوئی ایوارڈ شو منعقد کرنے کا پہلا موقع ہے۔ ایوارڈ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب ’ہم‘ ٹی وی اپنی 10سالہ سالگرہ کا جشن منا رہا ہے

پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز میں ’ہم‘ کی انفرادیت اس کے نت نئے تجربات اور اقدامات ہیں۔ ان کی بدولت وہ دوسروں سے قدرے آگے رہا ہے۔ اس روش کو برقرار رکھتے ہوئے اب وہ دبئی میں اپنا تیسرا ’ہم ایوارڈ شو‘ پیش کرنے والا ہے۔

نیٹ ورک کے ایک عہدیدار سید منہاس صغیر نے وی او اے کو بتایا، ’کسی بھی ٹیلی وژن نیٹ ورک کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر کوئی ایوارڈ شو منعقد کرنے کا پہلا موقع ہے۔ ایوارڈ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب ’ہم‘ ٹی وی اپنی 10 سالہ سالگرہ کا جشن منارہا ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ایوارڈ شو 9 اپریل کو ’ورلڈ ٹریڈ سینٹر‘ دبئی میں ہوگا۔ شو میں پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے جڑے انگنت جگمگاتے ستارے دنیا کے سامنے پہلی بار اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ شو کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس میں کئی بین الاقوامی ستارے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

ہم ٹی وی ہر سال نیٹ ورک سے پیش کئے جانے والے ڈراموں اور ان سے وابستہ آرٹسٹس، ڈائریکٹرز، سنگرز، رائٹرز اور دیگر شعبوں کی اہم شخصیات کی غیر معمولی پرفارمنس پر ایوارڈز دیتا ہے۔

نامزدگیاں
رواں سال ایوارڈز حاصل کرنے کے لئے 24کیٹیگریز میں مقابلہ ہوگا۔ ان میں بہترین اداکار ،اداکارہ، مزاحیہ ڈرامہ، ٹیلی فلم، ڈیبیو اوردیگر کیٹیگریز شامل ہیں؛ جبکہ اس بار بہترین ماڈل مرد اور بہترین خاتون ماڈل کی کیٹیگریز بھی شامل ہیں۔

بہترین اداکارہ کی دوڑ میں صنم جھنگ، صبا قمر، ماہرہ خان، عائزہ خان، عائشہ خان، مایا علی اور بہترین اداکار کے لئے میکال ذوالفقار، عدنان ملک، علی رحمٰن، احسن خان، عدنان صدیقی اور عدیل حسین شامل ہیں۔

بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ پانے کی دعویداروں میں منشا پاشا، سبرین ہسبانی، ماہین خالد، نیلم منیر، ثانیہ شمشاد اور بہترین معاون اداکار جنید خان، فراق خالد ملک، ریحان شیخ اور عابد علی شامل ہیں۔

بہترین رائٹرز کی دوڑ میں بھی بڑے بڑے نام شامل ہیں جیسے عمیرہ احمد، خلیل الرحمٰن قمر، عالیہ بخاری، آمنہ نواز خان اور ماہا ملک شامل ہیں۔ بہترین ڈائریکٹر برائے ڈرامہ سیریل سکینہ سموں، فاروق رند، احتشام الدین، سراج الحق، آمنہ نواز خان، احمد کامران اور حسیب حسن شامل ہیں۔

بہترین ڈرامہ سیریل کا چناوٴ جن ڈراموں سے ہوگا ان کے نام یہ ہیں: ڈائجسٹ رائٹر، محبت صبح کا ستارہ ہے، صدقے تمہارے، میرے مہربان، بنٹی آئی لو یو، موسم اور شناخت۔

XS
SM
MD
LG