رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: محمد رضوان کی پہلی پوزیشن کو خطرہ، سوریا کمار قریب پہنچ گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن ان کی یہ پوزیشن خطرے میں ضرور ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو نئی ٹی ٹوئںٹی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق محمد رضوان 854 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔

ابتدائی دس بہترین بلے بازوں میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو دو جب کہ بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے ایک ایک کھلاڑی شامل ہیں۔

ابتدائی دو پوزیشن پر بالترتیب پاکستان کے محمد رضوان اور بھارت کے سوریا کمار یادیو ہیں۔ بھارتی بلے باز 16پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔

امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سوریا کمار 16 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل ہی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لیں گے لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف منگل کو کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں وہ صرف آٹھ رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

ہوم سیریز میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 1-2 سے شکست دی تھی اور اس سیریز کی خاص بات سوریا کمار کی دھواں دھار بیٹںگ تھی۔ انہوں نے ابتدائی دو میچز میں دو نصف سینچریاں کیں۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں جن کے پوائنٹس کی تعداد 801 ہے۔ جنوبی افریقہ کے ایڈم مارکرم چوتھے، انگلش بیٹر ڈیوڈ مالان پانچویں، آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ چھٹے، نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوائے ساتویں، سری لنکا کے پتھوم نیساکا آٹھویں، متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم نویں اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل دسویں نمبر پر ہیں۔

نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھارتی اوپنر کے ایل راہل کی تنزلی ہوئی ہے اور وہ ساتویں پوزیشن سے 14 ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوائنٹن ڈی کوک آٹھ درجہ ترقی پا کر 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بھارت کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 48 گیندوں پر سینچری بنانے والے ریلے روسو نے تین درجہ ترقی پا کر 20ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

XS
SM
MD
LG