رسائی کے لنکس

پاکستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندو کش میں 236 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں اتوار کی سہ پہر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندو کش میں 236 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

تاہم امریکی ارضیاتی سروے نے زلزلے کی شدت 6.6 بتائی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے شمال مغربی حصے کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مشرقی علاقوں تک محسوس کیے گئے جب کہ متنازع علاقے کشمیر اور بھارت کے بعض علاقوں میں اس کی شدت محسوس کی گئی۔

شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا سے زلزلے کے باعث بعض مقامات پر مکانات اور دیواریں گرنے سے 20 سے زائد لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی ادارے کو کہنا ہے کہ وہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پاکستان میں حالیہ مہینوں میں متعدد بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں لیکن گزشتہ اکتوبر میں آنے والا زلزلہ سب سے زیادہ شدید تھا جس کی شدت پاکستانی حکام کے مطابق 8.1 جب کہ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق 7.5 تھی۔

اس خطے میں زیر زمین ہونے والی تبدیلیوں کے باعث اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں جن میں سے بعض ہلاکت خیز ثابت ہو چکے ہیں۔

گزشتہ برس نیپال میں آنے والے زلزلے سے سیکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ پاکستان میں 2005ء میں آنے والے ملکی تاریخ کے طاقتور ترین زلزلے کے باعث 74 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG