رسائی کے لنکس

مالی میں فوجی بغاوت پر غور کے لیے علاقائی ممالک کا اجلاس


مغربی افریقی ممالک کے سربراہان کا ایک ہنگامی اجلاس منگل کو آئیوری کوسٹ میں ہونے جارہا ہے جس میں خطے کے ملک مالی کے سیاسی بحران پر غور کیا جائے گا جہاں گزشتہ ہفتے مسلح افواج نے منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کرکے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔

مغربی افریقی ممالک کی تنظیم 'اکنامک کمیونٹی آف ویسٹ افریقن اسٹیٹس (ایکواس)' کے سربراہی اجلاس میں مالی کی رکنیت معطل کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔

پندرہ رکنی علاقائی تنظیم کے سربراہ اجلاس کے سلسلے میں رکن ممالک کے اعلیٰ حکام پہلے ہی آئیوری کوسٹ کے شہر عابد جان میں موجود ہیں۔

تنظیم کے نائب صدر ٹوگا گائیویا میکلنٹوش نے 'وائس آف امریکہ' کو بتایا ہے کہ تنظیم فوجی بغاوت کے بعد مالی میں امن اور استحکام کی بحالی اور جمہوریت کی صورتِ حال سے متعلق تشویش کا شکار ہے۔

کئی دیگر علاقائی اور عالمی تنظیموں اور اداروں کی طرح 'ایکواس' نے بھی مالی میں فوجی بغاوت کی سخت مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ وہ صدر امادو ٹومانی ٹورے کا تختہ الٹنے والے باغی فوجیوں کی کسی "فوجی مہم جوئی" کو برداشت نہیں کرے گی۔

قبل ازیں امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ فوجی بغاوت کے ردِ عمل میں بطورِ احتجاج مالی حکومت کی دی جانے والی امداد کا کچھ حصہ معطل کر رہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق فیصلے سے مالی کو دی جانے والی 70 ملین ڈالر کی امداد متاثر ہوسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG