رسائی کے لنکس

انتخابی اصلاحات؛ 284 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ


پاکستان میں الیکشن کمیشن نے حال ہی میں پاس ہونے والے انتخابی اصلاحات ایکٹ کے مطابق نئے قانون پر عمل درآمد نہ کرنے والی 284 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، متاثرہ سیاسی جماعتیں 30 روز کے اندر عدالت سے اس فیصلے پر اپیل کر سکتی ہیں۔ عدالت سے اپیل مسترد ہونے پر یہ جماعتیں دوبارہ رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

رجسٹریشن منسوخ ہونے والی سیاسی جماعتوں کی فہرست میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل، سنی تحریک اور جمعیت علما اسلام (سمیع الحق گروپ)، سندھ ترقی پسند پارٹی اور سندھ نیشنل فرنٹ شامل ہیں۔ ان 284 سیاسی جماعتوں کو انتخابی بل 2017 میں وضع کردہ نئے ضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے پر خارج کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی بل 2017 کے سیکشن 202 (2) کے تحت حکم دیا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں کم ازکم 2 ہزار کارکنوں کے دستخط یا انگوٹھوں کے نشانات کے ساتھ ان کارکنان کے قومی شناختی کارڈ کی نقول اور 2 لاکھ روپے فیس مقررہ وقت پر جمع کروائیں۔ لیکن، ان جماعتوں کی طرف سے قانون پر عمل نہ کروانے پر ان سیاسی جماعتوں کو فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے حالیہ فیصلے کے بعد اس وقت اِی سی پی کے پاس صرف 68 سیاسی جماعتیں درج ہیں۔

اس فیصلے کےبعد، امکان ہے کہ بیشتر سیاسی جماعتیں جو صرف الیکشن کمیشن کے کاغذوں میں موجود ہیں، اس فہرست سے ہمیشہ کے لیے نکال دی جائیں گی، کیونکہ 30 دن میں ان جماعتوں کو اپیل کا حق دیا گیا ہے جس کے بعد انہیں دوبارہ رجسٹریشن کی درخواست دینا ہوگی۔

منسوخ کی جانے والی جماعتوں میں سے بیشتر ایسی ہیں جن کا نام بھی ملکی سیاست میں کبھی سامنے نہیں آیا، یہ جماعتیں اکثر لوگ صرف اپنی زاتی تشہیر اور زاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ درحقیقت ان کا کوئی ووٹ بنک نہیں ہوتا۔ اکثر جماعتوں کا سب سے بڑا مسئلہ دو ہزار ووٹرز کے نام، شناختی کارڈز اور بیان حلفی ہیں۔

پاکستان میں قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد انتخابی بل 2017 نومبر 2017 میں سینیٹ سے بھی منظور ہوا تھا۔ ختم نبوت کے حوالے سے متنازع الفاظ پر پارلیمنٹ میں فوری طور پر اس حوالے سے دو ترامیم کی گئی تھیں۔

اس وقت اس قانون کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ لیکن، اب تک اس کیس کی باضابطہ سماعت شروع نہیں ہوئی۔

XS
SM
MD
LG