رسائی کے لنکس

صدر علوی نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو کرانے کی منظوری دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صدرِپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کرانے کی منظوری دے دی ہے۔

صدارتی آفس سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدرِ مملکت کو بذریعہ خط پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے 30 اپریل سے سات مئی کی تاریخ تجویز کی تھی۔

اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں جمعے کو ایک اہم اجلاس ہوا تھا جس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخوں پر غور کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے انتخاب کے بعد کمیشن اپنے آئینی و قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہے۔

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے لیے مراسلہ گورنر کو ارسال کر دیا ہے اور کہا ہے کہ کمیشن گورنر کے جواب کا منتظر ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب و خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کی تاخیر پر از خود نوٹس لیا تھا اور اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات کرانا لازمی ہے۔

XS
SM
MD
LG