رسائی کے لنکس

قبل از وقت فتح کے اعلانات تناؤ کا موجب بنے ہیں: مصری فوجی کونسل


جمعے کومصر کی حکمراں فوجی کونسل نےالزام لگایا کہ دونوں صدارتی امیدواروں نے اپنی فتح کا قبل از وقت اعلان کرکے تناؤ کے ماحول میں اضافہ کیا ہے، ایسے میں جب ہزاروں لوگ ، جن میں زیادہ تر کا تعلق اسلام پرستوں سے تھا، قاہرہ کے تحریر چوک پر جمع ہوئے۔ وہ گذشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے اوراُنھوں نے فوج کی طرف سے اقتدار پر قبضے کی مذمت کی۔

جمعے کو مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کےایک بیان میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے غیر سرکاری نتائج کے قبل از وقت اعلان کو’ ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے، اُسے سیاسی میدان میں جاری تقسیم اور الجھن کی خاص وجہ بتایا۔

کونسل نے متنبہ کیا کہ وہ ایسی کسی بھی کوشش کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرے گی ، جس کا مقصد عوامی اور نجی مفادات کو نقصان پہنچانا ہو۔

اخوان المسلمین کے امیدوار محمد مرسی اور سابق وزیر اعظم احمد شفیق دونوں نے فتح کا اعلان کیا ہے۔

اخوان المسلمین کے عہدے داروں نے متنبہ کیا کہ اگر مرسی کو فاتح نہیں قرار دیا گیا تو عوام اور حکمراں فوج کے درمیان محاذ آرائی کا خطرہ ہے۔ دونوں امیدواروں کے حامیوں نے اپنے امیدوار کے نہ جیتنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھکمی دی ہے۔

مصر کی انتخابی کمیشن نے انتخابات کے دوسرے مرحلے کےنتائج کے اعلان کو معطل کردیا ہے جن کا اعلان جمعرات کو ہونا تھا، یہ کہتے ہوئے کہ دونوں امیدواروں کی طرف سے لگائے گئے انتخابی دھاندلی کے الزامات کی تفتیش کے لیے اُسے وقت درکار ہے۔
مصر کی منا نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ الیکشن کمیشن ہفتے یا اتوار کو انتخابی نتائج کا اعلان کر سکتا ہے۔
انتخابات کے نتائج کے اعلان میں تاخیر سیاسی تعطل کا محض ایک حصہ ہے۔ گذشتہ ہفتے کے دوران، مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل نے اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی غرض سے کئی ایک اعلانات کیے جس میں عدالت کی طرف سے اسلام پرستوں کی اکثریت والے پارلیمان کو تحلیل کرنا شامل ہے۔

کونسل نے ایک عبوری آئین کا بھی اعلان کیا جس کے تحت جنرلوں اور عدالتوں کو ملک کی اندرونی اور بیرونی پالیسی میں حرف آخر کا درجہ حاصل ہو گیا ہے، ساتھ ہی ایک نیا مستقل دستور تیار کرنےکی طرف پیش رفت کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

کونسل نے وعدہ کیا ہے کہ پهلی جولائی کو اقتدار سولینز کے حوالے کردیا جائے گا، جب کہ احتجاج کرنے والے متعدد افراد کو خطرہ ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔
واشنگٹن میں، امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نےکہا ہے کہ مصر کی فوج صدارتی انتخابات کے فاتح کو اقتدار حوالے کرکے اپنا وعدہ پورا کرے۔ بدھ کو رات گئے اپنے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں ہلری کلنٹن نے فوجی اقدامات کو’ واضح طور پر پریشان کُن ‘ قرار دیا۔

XS
SM
MD
LG