ایک مصری عدالت نے کالعدم تنظیم اخوان المسلمین کے ان 16 سینیئر ارکان کی رہائی کا حکم دیا ہے جنہیں فروری میں گرفتار کیا گیا تھا۔
قاہرہ کی فوجداری عدالت نے اتوار کے روز یہ فیصلہ جاری کیا۔
مصری عہدے داروں نے ان ارکان پر مصر میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا تھا۔
رہا کیے جانے والوں میں تنظیم کے ڈپٹی لیڈر محمود عزت بھی شامل ہیں۔
اخوان المسلمین پرمصر میں ایک سیاسی جماعت کے طورپر پابندی عائد ہے لیکن آزاد امیداوار کے طورپر انتخابات لڑنے والوں کے ذریعے پارلیمنٹ کی کل نشستوں کا پانچواں حصہ اس جماعت کے پاس ہے۔
یہ تنظیم مصر میں ایک اسلامی حکومت کےقیام کی حامی ہے۔ اس جماعت نے 1970ء کے عشرے میں تشدد کی مذمت کی تھی اور اس وقت سے ہر انتخابات میں حصہ لے چکی ہے۔