رسائی کے لنکس

مصر میں غبارے کی ہنگامی لینڈ نگ ، ایک سیاح ہلاک متعدد زخمی


دریائے نیل کے کنارے واقع تاریخی شہر اقصر کی فضاؤں میں پرواز کرتے غبارے۔ فائل فوٹو
دریائے نیل کے کنارے واقع تاریخی شہر اقصر کی فضاؤں میں پرواز کرتے غبارے۔ فائل فوٹو

مصر کے جنوبی شہر اقصر میں گرم ہوا کے ایک غبارے میں سوار ہو کر مناظر کا لطف اٹھانے والے کئی غیر ملکی سیاح ہنگامی لینڈ نگ کے دوران ہلاک اور زخمی ہو گئے ۔

مصر کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے سیاحوں کا تعلق جنوبی افریقہ سے تھا۔

تاہم ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے سیاح کا تعلق کس ملک سے تھا۔

عہدے داروں نے بتایا ہے کہ 12 سیاح محفوظ رہے۔

قدیم بادشاہ فرعون کا ایک معبد
قدیم بادشاہ فرعون کا ایک معبد

عہدے داروں نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ تیز ہوائیں تھیں جس کی وجہ سے اقصر نامی تاریخی شہر کے اوپر پرواز کرنے والا غبارہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور حادثے کا شکار ہو گیا۔

اقصر میں فرعون دور کے کئی اہم معبد اور عمارتیں موجود ہیں۔

حادثے کے وقت غبارے پر 20 سیاح سوار تھے۔

غبارے نے جمعے کے روز طلوع آفتاب سے کچھ ہی قبل اپنی پرواز کا آغاز کیا اور وہ تقریباً 45 منٹ تک سطح زمین سے 450 میٹر کی بلندی پر اڑان کرتا رہا۔ لیکن اس کے بعد تیز ہواؤں کی وجہ سے پائلٹ اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور غبارے کو ہنگامی طور پر ایک پہاڑی علاقے میں اتارنا پڑا۔

عہدے داروں نے بتایا کہ اس دوران پرواز کرنے والے دوسرے غباروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔

مصر کے محکمہ موسمیات نے دریائے نیل کی وادی اور ملک کے مشرقی حصے میں تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

قدیم تاریخی شہر اقصر کا ایک منظر، فائل فوٹو
قدیم تاریخی شہر اقصر کا ایک منظر، فائل فوٹو

مصر میں گرم ہوا کے غباروں کے کئی حادثات ہو چکے ہیں ۔ سب سے مہلک حادثہ 2013 میں ہوا تھا جب اقصر پر سے پرواز کے دوران غبارے میں آگ لگ گئی اور وہ گنے کے کھیتوں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں کم ازکم 19 سیاح ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی طرح 2016 میں ایک غبارے کی ہنگامی لینڈنگ میں 22 چینی سیاح زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد مصر کی حکومت نے غباروں کی پرواز پر عارضی پابندی لگا دی تھی۔

نئے حفاظتی قوانین کے تحت پرواز کرنے والے غباروں کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جاتی ہے اور انہیں 2000 میٹر سے زیادہ بلندی پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

اقصر کے تاریخی شہر کی سیاحت کو جانے والوں میں غباروں کی پرواز بہت مقبول ہے۔ یہ غبارے عموماً سورج طلوع ہونے سے پہلے اپنی پرواز شروع کرتے ہیں اورسرسبز میدانوں پر سے گذرتے ہوئے قدیم بادشاہوں کے شہر کی فضاؤں میں تیرتے ہوئے سیاحوں کو تاریخی عمارتوں کو بلندی پر سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG