رسائی کے لنکس

مصر: دو دھماکوں میں آٹھ ہلاک


گزشتہ سال محمد مرسی کی بطور صدر برطرفی کے بعد ایسے حملوں میں شدت آئی اور ان کا زیادہ تر نشانہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار رہے۔

مصر میں صحرائے سینا کے علاقے میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں سے ایک سکیورٹی افسر سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے مطابق جس علاقے میں اتوار کو یہ دھماکے ہوئے وہ اسرائیل کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

صحرائے سینا میں سرگرم دہشت گرد حملے کرتے آئے ہیں، خاص طور پر گزشتہ سال محمد مرسی کی بطور صدر برطرفی کے بعد ان حملوں میں شدت آئی اور ان کا زیادہ تر نشانہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار رہے۔

مصر کی وزارت داخلہ کے مطابق ایک دھماکے میں سات افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی صحرائے سینا کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ایک مرکزی کمپاؤنڈ پر راکٹ داغا گیا لیکن وہ اپنے ہدف کی بجائے ال عرش شہر میں ایک پر ہجوم مارکیٹ میں جا گرا۔

جب کہ اس کے چند منٹ بعد ہی دو راکٹ سکیورٹی فورسز کی ایک یونٹ میں گرے، جس سے ایک افسر ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔

فوج نے گزشتہ سال جولائی میں محمد مرسی کی حکومت کو برطرف کر دیا تھا، جس کے بعد اُن کی جماعت اخوان المسلمین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا جس دوران ہونے والی جھڑپوں میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہوئے جب کہ اخوان المسلمین کے رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں کو حراست میں لیا گیا۔

مصر کے نو منتخب صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا مقابلہ کر کے امن قائم کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG