رسائی کے لنکس

حسنی مبارک اور عبداللہ گل کی ملاقات


مصرکے صدر حسنی مبارک نے مشرق وسطی ٰ کے امن عمل میں تعطل سمیت دوسرے مسائل پر گفتگو کے لیے اپنے ترک ہم منصب عبداللہ گل سے ملاقات کی ۔

مصر کی سرکاری نیوز ایجنسی مینا کا کہنا ہے کہ دونوں راہنماؤں کے درمیان بدھ کے روز قاہرہ میں ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت کی۔

فلسطینی صدر محمود عباس یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اسرائیلی بستیوں کی تعمیر اور سرحدوں کے معاملات پر پیش رفت ہونے تک اسرائیل سے براہ راست مذاکرات نہیں کریں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نتن یاہو کا کہنا ہے کہ وہ براہ راست مذاکرات شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔

نیوز ایجنسی کے مطابق مصری صدر حسنی مبارک اور ترک صدر عبداللہ گل کے درمیان معیشت ، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

دونوں راہنماؤں نے قاہرہ میں ایک فوجی اکیڈمی کی گریجویشن کی تقریب میں بھی شرکت کی ۔جس میں انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا جب کہ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

مصری صدر حسنی مبارک نے دسمبر میں ترکی کا دروہ کیا تھا جس میں انہوں نے صدر عبداللہ گل اور دوسرے سینیئر عہدے داروں سے ملاقات کی تھی،جس میں دونوں راہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور اسرائیل فلسطین میں قیام امن کی کوششوں پر بات چیت ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG