رسائی کے لنکس

مصر: فوجیوں کو سویلین کی گرفتاری کی ممانعت


مصر کی ایک عدالت نے حکومت کے اس حکم کو منسوخ کردیا ہے جس کے تحت فوج کو عام شہریوں کی گرفتاری کا اختیار دیا گیا تھا۔

یہ حکم فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت نے دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخاب سے قبل جاری کیا تھا۔

انسانی حقوق کی تنظیموں، وکلاء اور سیاست دانوں نے فوجی حکمران سپریم کونسل پر مئی میں ختم ہونے والے غیر مقبول ہنگامی قانون کے خاتمے کے بعد اسے پھر سے لاگو کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ا اس حکم نامے کو چیلنج کیا تھا۔

عدالتی حکم ایک ایسے وقت میں سامنے آیاہے جب نو منتخب صدر محمد مرسی اپنی حکومت تشکیل دینے میں مصروف ہیں ۔

پیر کے روز مسٹر مرسی صدراتی محل منتقل ہوگئے جہاں گذشتہ سال عوامی تحریک کے نتیجے میں اپنا عہدہ چھوڑنے سے قبل سابق صدر حسنی مبارک قیام پذیر تھے۔

مسٹر مرسی نےمصر کی فوجی حکمران کونسل کے فیلڈ مارشل حسین تانتاوی سے بھی ملاقات کی ۔ مصر کے سرکاری ٹیلی ویژن کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جمہوری منتخب صدر کو اپنی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

مسٹر مرسی ہفتے کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھارہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG