رسائی کے لنکس

محمد مرسی آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے

مصر کے صدر محمد مرسی
مصر کے صدر محمد مرسی

گزشتہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی بھی مصری صدر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے اور پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس دورے کو دونوں ممالک کے ’’روایتی اور دوستانہ‘‘ تعلقات میں ایک اہم علامت قرار دیا ہے۔

مصر کے صدر محمد مرسی پاکستان کے دورے پر آئندہ پیر کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

گزشتہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے میں کسی بھی مصری صدر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے اور پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس دورے کو دونوں ممالک کے ’’روایتی اور دوستانہ‘‘ تعلقات میں ایک اہم علامت قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’’مصر کے صدر کا جنوبی ایشیائی ممالک میں (اپنے اولین دورے کے لیے) پاکستان کا انتخاب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ قاہرہ اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کا نیا باب شروع کرنے کا خواہاں ہے۔‘‘

مرسی سے قبل مصر کے صدر جمال عبدالناصر نے 1960 ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق محمد مرسی یہ دورہ صدر آصف علی زرداری کی دعوت پر کریں گے اور دونوں صدور کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر بحث آئیں گے۔

مصری صدر کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی آٹھ ترقی پذیر مسلم ممالک کی کانفرنس میں محمد مرسی کی شمولیت متوقع تھی مگر آخری لمحات میں انہوں نے دورہ موخر کر دیا تھا۔
XS
SM
MD
LG