رسائی کے لنکس

مصر کی سڑکیں بلاک، قاہرہ کی سرکاری عمارتوں تک رسائی بند


مصر کی سڑکیں بلاک، قاہرہ کی سرکاری عمارتوں تک رسائی بند
مصر کی سڑکیں بلاک، قاہرہ کی سرکاری عمارتوں تک رسائی بند

مصر کے متعدد اصلاح پسندوں نے مسٹر شرف کے خطاب پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اِسے محض لفاظی قرار دیا ہے اوراِس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تب تک تحریر چوک خالی نہیں کریں گے جب تک اُن کے مطالبے تسلیم نہیں کیے جاتے

مصر کے فوجی حکمرانوں کے خلاف اتوار کو تیسرے روز بھی احتجاجی مظاہرے جاری رہے، جِس میں ملک کے ہزاروں اصلاح پسندوں نے مرکزی قاہرہ میں ٹریفک کے نظام اور دارلحکومت کی اہم حکومتی عمارتوں کی طرف رسائی روک دی۔

قاہرہ کے تحریر چوک کے ایک خیمے میں دوسری رات گزارنے کے بعد، اتوار کے دِن کارکنوں نے اِرد گِرد کی سڑکوں کو بند کردیا اور قریبی مقمہ کے انتظامی کمپلیکس سے ملحقہ علاقے کے باہر ہڑتالی پہرے داروں نے مورچہ سنبھال لیا۔

سرگرم کارکنوں نے ملک بھر میں عوامی احتجاج کےایک حصے کے طور پر جمعے کو دھرنےکا آغاز کیا تھا۔

مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ فروری میں ہٹائےجانے والے صدر حسنی مبارک کے خلا ف چلائی گئی احتجاجی مہم کے دوران مظاہرین کو ہلاک کرنے والے سکیورٹی اہل کاروں کے خلاف عدالتی کارروائی کو تیز کیا جائے۔

مظاہرین کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ فوجی عدالتوں کی طرف سے عام شہریوں کے خلاف قائم مقدمے واپس لیے جائیں اور مبارک کے دور کے عہدے دار جِن پر بد عنوانی کے الزامات ہیں اُن پر تیزی سے مقدمات چلائے جائیں۔
اصلاح پسند الزام لگاتے ہیں کہ فوجی کونسل ، جو فروری سے قیادت کے فرائض انجام دے رہی ہے ، وہ حکومت سے مبارک کے حامیوں کی تطہیر سے گریزاں ہیں۔ کونسل کی قیادت مسٹر مبارک کے سابق وزیرِ دفاع، فیلڈ مارشل محمد حسین تنتوی کر رہے ہیں۔

مصر کی فوج کے نامزد کردہ وزیر اعظم عصام شرف نے ہفتے کو ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں مظاہرین کو مختلف قسم کی پیش کش کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے اُن تمام پولیس والوں کو معطل کر دیا ہے جِن پر احتجاجی مظاہرین کو ہلاک کرنے کا الزام تھا اور وہ عہدے دار جن کے خلاف بد عنوانی کا شبہ ہے، اُن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی غرض سے ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے۔

مصر کے متعدد اصلاح پسندوں نے مسٹر شرف کے خطاب پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اِسے محض لفاظی قرار دیا ہے اوراِس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تب تک تحریر چوک خالی نہیں کریں گے جب تک اُن کے مطالبے تسلیم نہیں کیے جاتے۔ تحریر اسکوائر، مبارک کے خلاف اِس سے بڑے پیمانے پر ہونے والی بغاوت کا مرکز رہ چکا ہے، جِس دوران قاہرہ کے سڑکوں پر لاکھوں لوگ جمع ہواکرتے تھے۔

XS
SM
MD
LG