رسائی کے لنکس

مصر: دو گرجا گھروں پر بم حملوں میں 44 افراد ہلاک


ایک دھماکہ قاہرہ کے شمال میں واقع نیل کے دوآبہ کے علاقے میں ہوا۔ اس حملے میں کم ازکم 29 افراد ہلاک ہوئے۔ کچھ ہی گھنٹے بعد، الگزینڈریہ کے ایک اور چرچ میں دھماکہ ہوا، جس واقع میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔ داعش نے اِن حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے

ایسے میں جب طنطا اور الگزینڈریہ میں قبطی مسیحی عبادت گزار 'پام سنڈے' کی مناسبت سے تہوار منانے میں مصروف تھے، مصر کے دو گرجا گھروں میں بم حملے کیے گیے، جس کے نتیجے میں 44 افراد ہلاک ہوئے۔ داعش نے اِن دھماکوں کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔

چرچ میں موجود قبطی مسیحیوں اور بچائو کے کام پر مامور افراد نے قاہرہ کے شمال میں نیل کے دوآبے کے علاقے میں طنطا کے سینٹ جارج قبطی کیتھڈرل کے اندر ہلاک شدگان و زخمیوں کی مدد کی۔ لکڑی کی نشستیں ٹوٹ کر پاش پاش ہوگئی تھیں جب کہ خون آلود کپڑے اور اعضا زمین پر بکھرے پڑے تھے۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ دھماکہ چرچ کی اگلی مذہبی میز کے قریب ہوا، ایسے میں جب 'پام سنڈے' کی مناسبت سے عبادت گزار دعا میں مصروف تھے، جو مقدس مسیحی ہفتے کے آغاز پر ادا کی جا رہی تھی۔ دھماکےمیں ہونے والے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں کی جانب لے جایا گیا جب کہ طانطا کے مکینوں سے خون کے عطیے کی اپیل کی گئی ہے۔

ڈاکٹر امجد عبد الرئوف، طانطا میٖڈیکل کالج کے ڈین ہیں۔ اُنھوں نے کہا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے علاج کے لیے ڈاکٹر اپنی کوششیں کر رہے ہیں۔

اُنھوں نے کہا ہے کہ دونوں اسپتالوں میں داخل کیے گئے زخمیوں کی تعداد 60 سے بھی زیادہ ہے۔ اُنھوں نے کہا ہے کہ کچھ زخمی آگ میں جھلس چکے ہیں، جب کہ دیگر کو تیز دھات کے پرزے لگنے سے زخم آئے ہیں۔

کچھ ہی گھنٹے بعد، الگزینڈریہ کے ایک اور چرچ میں دھماکہ ہوا، جس واقع میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے۔

رومن کیتھولکس کے روحانی پیشوا، پوپ فرینسس اِسی ماہ قاہرہ کا دورہ کرنے والے ہیں، جس کا مقصد مصر کی عیسائی برادری سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔

مصر کی تقریباً 10فی صد آبادی مسیحیوں پر مشتمل ہے۔ اُنھیں اسلامی شدت پسندوں کی جانب سے بارہا ہراساں کیے جانے کی اطلاعات آتی رہی ہیں۔

'پام سنڈے' کا تہوار خوشی کے موقع کی مناسبت سے منایا جاتا ہے جب حضرت عیسی (علیہ السلام) فاتحانہ انداز میں یروشلم میں داخل ہوئے، جب کھجور کے درخت کی ڈالیاں اُن کی راہ میں بچھائی گئیں۔ کچھ ہی دِن بعد، اُنھیں گرفتار کیا گیا اور صلیب پر چڑھایا گیا۔

XS
SM
MD
LG