رسائی کے لنکس

اسکوائش کی عالمی رینکنگ میں مصری خاتون نئی نمبر ون کھلاڑی


مصر میں اسکندریہ سے تعلق رکھنے والی رینم الولیلی نے اسکوائش کی دنیا میں خاتون سپر اسٹار کھلاڑی نکول ڈیوڈ کی نو سالہ بلاتعطل برتری کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ان کی جگہ حاصل کی ہے

پروفیشنل اسکوائش ایسوسی ایشن نے اسکوائش کی عالمی رینکنگ میں مصری خاتون رینم الولیلی کی درجہ بندی دنیا کی نمبر ون کھلاڑی کے طور پر کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق کھیلوں کی بین الاقوامی تنظیم پروفیشنل اسکوائش ایسوسی ایشن نے اسکوائش میں خواتین کھلاڑیوں کی نئی درجہ بندی کی فہرست جاری کی ہے جس میں 26 سالہ رینم الولیلی عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔

وہ پہلی مصری خاتون کھلاڑی ہیں جنھوں نے اسکوائش میں عالمی نمبر ون کھلاڑی کی رینکنگ حاصل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مصر میں اسکندریہ سے تعلق رکھنے والی رینم الولیلی نے اسکوائش کی دنیا میں خاتون سپر اسٹار کھلاڑی نکول ڈیوڈ کی نو سالہ بلاتعطل برتری کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ان کی جگہ حاصل کی ہے اور انھیں عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔

پروفیشنل اسکوائش ایسوسی ایشن کی طرف سے مرد کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں مصری کھلاڑی محمدالشوربجی کی درجہ بندی نمبر ون کھلاڑی کی حیثیت سے برقرار رکھی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مزید تین مصری مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے نئی درجہ بندی میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں جگہ حاصل کی ہے۔

بین الاقوامی کھیلوں کے ادارے کا کہنا ہے کہ رینم الولیلی پچھلے آٹھ ماہ سے ورلڈ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر تھیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ رینم الویلیلی سال 2015ء کی بہترین خاتون کھلاڑی بھی قرار پائی ہیں۔

رینم الولیلی نے کہا کہ دنیا کی نمبر ون کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے پر وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں۔

"میں جانتی ہوں کہ شاید میں اس پوزیشن کو ایک ہی ماہ تک برقرار رکھ سکوں لیکن میں اس کے لیے تیار ہوں کیونکہ مجھے اس پوزیشن پر براجمان رہنے کے لیے ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔"

XS
SM
MD
LG