رسائی کے لنکس

احسان مانی پی سی بی کے نئے چیئرمین نامزد


پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی۔ فائل فوٹو
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی۔ فائل فوٹو

پاکستان کے نئے وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چئیرمین مقرر کردیا ہے۔ اس سے قبل معروف صحافی نجم سیٹھی نے چئیرمین پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اس فیصلہ کا اعلان کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے احسان مانی کو نیا چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعینات کردیا ہے۔

احسان مانی کرکٹ کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتےہیں۔ احسان مانی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ آئی سی سی کے تین سال تک خزانچی اور تین سال تک سربراہ بھی رہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کو بھی گورننگ بورڈ سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا استعفیٰ پوسٹ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے لکھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین نامزد کیا تھا اور گورننگ بورڈ کے اراکین نے متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا۔ استعفیٰ دینے کے لئے وزیراعظم کی حلف برداری کا انتظار کر رہا تھا۔ اب رضاکارانہ طور پر استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔

نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور بورڈ کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری نیک تمنائیں پی سی بی اور قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں عید کی مبارک باد دیتے ہوئے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ بھی لکھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد خبریں گردش میں تھیں کہ نجم سیٹھی کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا جبکہ نجم سیٹھی اس حوالے سے خاموش تھے۔ تاہم اب وزیر اعظم عمران خان کے عہدہ سنبھالنے اور پی سی بی کے پیٹرن ان چیف بننے کے بعد انہوں نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔

نجم سیٹھی کے دور میں پی ایس ایل کا کامیاب آغاز ہوا اور اس لیگ نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔

کرکٹ سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کرکٹ کے حوالے سے بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کرکٹ بورڈ کے ڈھانچے سمیت اہم تبدیلیاں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG