رسائی کے لنکس

امریکہ اور کینیڈا میں جمعے کوعید منائی گئی


نماز عید
نماز عید

امریکہ اور کینیڈا کی مسلمان برادری نے جمعے کے روزعقیدت واحترام اور سادگی کے ساتھ عید الفطر منائی۔

واشنگٹن، میری لینڈ اور ورجینا کی طرح امریکہ کے طول و ارض میں کئی مساجد اور کمیونٹی سینٹروں میں عید نمازیں منعقد ہوئیں۔ واشنگٹن کےاسلامک سینٹر، میری لینڈ کے آدمز سینٹر اور بالٹی مور، اور ورجینا میں دارالھدا اور دارلھجریٰ میں تعطیل کا دِن نہ ہوتے ہوئے بھی نماز کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ نیویارک، ٹیکساس، ہیوسٹن، ڈیلس، اور دیگر جگہ بھی عید کے بڑے اجتماعات ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ اِسی طرح کینیڈا میں آج عید کی نماز ادا کی گئی۔

اپنے خطبوں میں اماموں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں دو کروڑ کے قریب متاثرین کا ذکر کیا ۔ اِس موقعے پر مساجد میں اِس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ ایک متحرک کمیونٹی کی حیثیت سے پاکستانی نژاد امریکیوں نے اکثریتی غیر مسلم امریکی آبادی سے مل کر کثیر تعداد میں عطیات اور نقدی اکٹھی کی اور ضرورت مندوں کو روانہ کیں۔ فلاحی تنظیموں نے آج بھی سیلاب زدگان کے لیے عطیات جمع کیے۔

اپنے خطبوں میں اماموں نے دہشت گردی کی عفریت پر کنٹرول کرنے کےلیے ضروری اقدامات کرنے، اور مذہبی رواداری، ایثارو سادگی اپنانے پر زوردیا۔

کچھ تنظیموں کی طرف سے اتوار کو عید میلے لگانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جس میں حاصل ہونے والی رقوم سیلاب زدگان کی امداد پر خرچ ہوں گی۔

دریں اثنا، وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (اِسنا) کے بین المذاہب مکالمے کے قومی ڈائریکٹر سید محمد سعیدنے بتایا کہ امریکہ میں اِس سال عید الفطر خصوصی مسرت کا کچھ اضافی پیغام بھی ساتھ لائی۔ بات کو واضح کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ یہاں پیدا ہونے والے مختلف تناؤ کے معاملات بہت حد تک رفع ہوچکے ہیں۔ اُن کے الفاظ میں ‘ہماری یہ دعا ہے کہ ہمارے لیے جو چیلنج ہیں اللہ تعالیٰ انھیں بھی حل کر دے۔ لیکن ہمیں محنت اور تدبر سے کام لینا ہوگا۔’

پاکستانی سیلاب زدگان کی امداد کے بارے میں سید محمد سعید نے کہا کہ کمیونٹی نے امداد کے حوالے سے مفید کام کیا ہے۔

فلوریڈا کے پاسٹر کی طرف سے قرآنِ مجید کو نذرِ آتش کرنے کے معاملے پر سوال کے جواب میں اِسنا کے بانی نے امید کا اظہار کیا کہ معاملہ رفع دفع ہوجائے گا، ‘پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ قرآنِ کریم کی حفاظت اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمے لی ہوئی ہے، جس نے خود ہی پچھلے 1500سالوں سے کتابِ حق کی حفاظت کی ہوئی ہے۔’

اِس معاملے میں اُنھوں نےغیر مسلم اکثریتی امریکیوں کی طرف سے رواداری اور باہمی احترام کے اقدار کی پاسداری کرنے کی تعریف کی۔


نیویارک کی مجوزہ مسجد اور ثقافتی مرکز کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑا امریکی پراجیکٹ ہے۔

XS
SM
MD
LG