رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں شوال کا چاند نظرآگیا، عیدالفطر اتوار کو ہو گی


متحدہ عرب امارات ، قطر، کویت، اردن ، فلسطین، بحرین اور مصر میں شوال کا چاند نظر آگیا۔ تاہم سلطنت عمان میں چاند نظر نہیں آیا۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف خلیجی ریاستوں میں اسلامی مہینے شوال کا چاند نظر آگیا ۔ عیدالفطر اتوار 25 جون کو ہوگی۔

شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان سعودی سپریم جوڈیشل کونسل نے کیا جبکہ سرکاری ٹی وی سے بھی اس کا اعلان کیا گیا۔

سپریم جوڈیشل کونسل نے ایک بیان میں عوام سے درخواست کی تھی کہ وہ چاند نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر گواہوں کے ہمراہ قریبی عدالت کو مطلع کریں۔

سعودی ماہرین فلکیات نے بھی بیشتر علاقوں میں مطلع صاف ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات ظاہر کئے تھے۔

سعودی عدالت عظمیٰ نے رویت ہلال کے لئے ہفتے کی شام اجلاس طلب کیا تھا جس نے شواہد اور گواہیوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔ سعودی عرب میں 29 روزے رکھے گئے۔

دیگر عرب ممالک اور خلیجی ریاستوں کے اعلان کے مطابق قطر، کویت، اردن اور فلسطین میں بھی شوال کا چاند نظر آ گیا ہے۔

تاہم سلطنت عمان میں چاند نظر نہیں آیا اس لئے وہاں اتوار کے بجائے پیر کو عید ہو گی جبکہ بحرین اور مصر میں بھی عید کا چاند نظر آ گیا اور وہاں اتوار کو عید منائی جائے گی۔

پاکستان میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہو گا ۔ ماہرین موسمیات امکان ظاہر کررہے ہیں کہ اتوار کو پاکستان بھر میں مطلع صاف ہو گا اس لئے چاند نظر آ جائے گا جس کے مطابق پیر کو عیدالفطر منائی جائے گی۔

بھارت میں بھی اتوار کو ہی 29 واں روزہ ہے اور وہاں بھی شوال کا چاند نظر آنے یا آنے کا فیصلہ اتوار کو ہو گا۔

XS
SM
MD
LG