رسائی کے لنکس

عید الاضحیٰ: امریکہ میں اتوار کوعید منائی جائے گی


عید الاضحیٰ: امریکہ میں اتوار کوعید منائی جائے گی
عید الاضحیٰ: امریکہ میں اتوار کوعید منائی جائے گی

دس ذی الحجہ کو امریکہ بھر کی بڑی مسجدوں اور مستعار لی گئی جگہوں اور ہالوں میں نمازِ عیدکا اہتمام کیا جائے گا

اس بار دنیا کے زیادہ تر ممالک کی طرح، جِن میں مشرق وسطیٰ اور یورپ کے ممالک بھی شامل ہیں، امریکہ اور کینیڈا میں بھی اتوار کےہی روز عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے۔

دس ذی الحجہ کو امریکہ بھر کی بڑی مسجدوں اور مستعار لی گئی جگہوں اور ہالوں میں نمازِ عید کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہزاروں مسلمانوں کی موجودگی کے باعث ہرسال، یہاں عموماً ہرمسجد میں تقریباً تین تین جماعتیں ہوتی ہیں۔

جانوروں کی قربانی کی سنتِ ابراہیمی ادا کرنے کے لیے عموماً مسلمان اپنےاپنےآبائی ملکوں کو رقوم روانہ کرتے ہیں۔ لیکن، پچھلے کچھ برسوں سے یہاں بھی قربانی کےخصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ لوگ یہاں بڑے گروسری اسٹورز اور بڑے اسلامی اداروں اور تنظیموں کے پاس اپنی رقوم پیشگی جمع کرادیتے ہیں۔ اِن میں کچھ ادارے، مطلوبہ وقت پر ذبیحہ کے بعد متعلقہ حضرات کو گوشت فراہم کرتے ہیں۔

لیکن، بعض مقامات پر آپ خود اپنے سامنے جانور پسند کرتے ہیں اور پھر اُسے ذبح کیا جاتا ہے۔ یہ تنظیمیں، مساجد اور ادارے گوشت کی غریبوں میں تقسیم کا انتظام بھی کرتی ہیں، اور اِس کے لیے، بڑے بڑے فریزرز میں گوشت کو جمع کر لیا جاتا ہے۔

اُدھر، ہفتےکوسعودی عرب میں مناسکِ حج کا سلسلہ جاری رہا، جہاں دنیا بھرکےتقریباً 25لاکھ مسلمان یہ مذہبی فریضہ ادا کررہے ہیں۔ ہفتے کے روزمیدانِ عرفات کی مسجدِ نمرہ میں سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ الشیخ نے خطبہٴ حج دیا۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG