رسائی کے لنکس

NA-120 کے ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ


الیکشن کمیشن نے وزارتِ دفاع کو خط لکھا ہے کہ 17 ستمبر کو این اے 120 کے ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے فوج کی خدمات فراہم کی جائیں۔

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے قومی اسبملی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کے صوبائی درالحکومت لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ 120 کی نشست سابق وزیر اعظم ںواز شریف کو پاکستان کی عدالت عظمیٰ کی طرف سے 28 جولائی کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی اور اب 17 ستمبر کو یہاں ضمنی انتخاب ہونا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جمعرات کو وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ حلقہ این اے 120 کے ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ حلقے میں انتخاب کے دن پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج کے اہلکار تعینات کیے جائیں۔

عہدیدار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس درخواست پر غور کرنے کے بعد وزارتِ دفاع کو خط لکھا ہے کہ 17 ستمبر کو این اے 120 کے ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے فوج کی خدمات فراہم کی جائیں۔

الیکشن کمیشن کے عہدیدار کے مطابق اس ضمنی الیکشن میں پولنگ کے دوران حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشوں کے اندر اور باہر فوج کے جوان موجود رہیں گے جو ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے تک وہاں تعینات رہیں گے۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 سےانتخاب لڑنے والوں میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز اور پاکستان تحریکِ انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد شامل ہیں۔ کلثوم نواز سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ ہیں۔

واضح رہے کہ قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف بھی اس حلقہ میں ضمنی انتخاب کے دن فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کر چکی ہیں۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 سے 2013ء کے عام انتخاب میں ںواز شریف کامیاب ہوئے تھے اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر یاسمین راشد دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

XS
SM
MD
LG