رسائی کے لنکس

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے سینیٹ اجلاس پیر کو ہوگا


ارکان سینیٹ خفیہ بیلٹ پیپر کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے نئے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین کا انتخاب کل سوموار کو ہو گا۔ ایوان بالا کے نئے قواعد کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا عمل مکمل کیا جائیگا۔

سینیٹ کا اجلاس صبح دس بجے شروع ہوگا۔ ابتداء میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اجلاس چند گھنٹوں کیلئے ملتوی کردیا جائیگا۔ دوران وقفہ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔ اجلاس دوبارہ شروع ہونے پر ووٹنگ ہو گی۔ ووٹنگ سے پہلے تک کوئی بھی امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لینا چاہے تو لے سکے گا۔

ایوان بالا کے رولز میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں چئیرمین کے لئے حتمی امیدوارں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا۔ صرف ایک ہی امیدوار بچ جانے کی صورت میں بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب قرار پائے گا۔ ایک سے زیادہ امیدوار ہونے کی صورت میں ووٹنگ ہو گی ۔ارکان سینیٹ خفیہ بیلٹ پیپر کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

سینیٹ رولز کے مطابق جیتنے والے امیدوار کو سادہ اکثریت درکار نہیں ہوگی۔ صرف مخالف امیدوار سے زیادہ ووٹ لینا ہوں گے۔ امیدوار دو سے زیادہ ہونے کی صورت میں جیتنے والے کو مخالف امیدواروں کے مجموعی ووٹوں سے زیادہ ووٹ لینا ہوں گے۔ ایسا نہ ہوا تو ووٹنگ دوبارہ ہو گی اور پچھلی ووٹنگ میں سب سے کم ووٹ لینے والا امیدوار اس ووٹنگ کے لئے اہل نہ ہو گا۔

سینیٹ قواعد کے مطابق دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ برابر ہونے کی صورت میں دوبارہ ووٹنگ ہو گی۔ تین امیدواروں میں مقابلہ برابر ہونے کی صورت میں پرچی کے ذریعے دو امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا جن کے درمیان دوبارہ ووٹنگ ہو گی۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ چئیرمین سینیٹ کے انتخاب کے بعد اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG