رسائی کے لنکس

بجلی کا بحران جاری: لوڈ شیڈنگ کےخلاف مظاہروں میں شدت


پاکستان کے بجلی اور توانائی کے ادارے (پیپکو) کے ایک اعلان کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں 4000میگاواٹ سے زیادہ کا فرق موجود ہے جِس کو پورا کرنے کے لیے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

تاہم، ملک کے مختلف حصوں، خاص طور پر پنجاب میں جوں جوں موسم گرم ہوتا جارہا ہے لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروں میں شدت آتی جارہی ہے۔

جمعے کو کوٹ لکھپت لاہور کے صنعتی علاقے میں لوڈ شیڈنگ کے باعث کارخانے بند ہونے سے بے روزگار ہونے والے سینکڑوں مزدوروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، سڑک پر ٹائر جلا کر ٹریفک بند کردی اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ سیالکوٹ، گجرانوالہ اور فیصل آباد سے بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہروں کی خبریں ملی ہیں جب کہ ملتان میں بجلی کی بندش کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ بھی جاری ہیں۔

پنجاب کے مختلف چیمبرز آف کامرس کو پیپکو حکام سے یہ شکوہ ہے کہ وہ بجلی کی تقسیم میں انصاف سے کام نہیں لے رہے۔

پیپکو کے ترجمان محمد خالد کا کہنا ہے کہ پیپکو ایک قومی ادارہ ہے اور بجلی کی تقسیم ایک منصفانہ پالیسی کے تحت کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG