رسائی کے لنکس

ایلون مسک کے جہاز کی ٹریکنگ، ٹوئٹر نے ضابطوں میں تبدیلی کر دی


نئے ضابطے متعارف کروانے کے بعد ایلون مسک کی لوکیشن شئیر کرنے والے اکاؤنٹ کو دوبارہ سے معطل کر دیا گیا۔ ایلون مسک، فائل فوٹو
نئے ضابطے متعارف کروانے کے بعد ایلون مسک کی لوکیشن شئیر کرنے والے اکاؤنٹ کو دوبارہ سے معطل کر دیا گیا۔ ایلون مسک، فائل فوٹو

سوشل میڈیا فورم ٹوئٹر نے بدھ کے روز ایک اکاؤنٹ کو معطل کیا ہے جو کمپنی کے مالک ایلون مسک کے نجی طیارے کی لوکیشن مسلسل ٹویٹ کر رہا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ٹوئٹر نے کچھ گھنٹوں بعد یہ اکاؤنٹ دوبارہ کھول دیا مگر ساتھ ہی کمپنی نے تمام صارفین کے لیے نئے ضابطے بھی متعارف کروائے کہ کوئی صارف اب سے کسی بھی فرد کی ’لائیو لوکیشن‘ یعنی اس موجودہ وقت میں وہ فرد کہاں ہے شئیر نہیں کر سکتا۔

نئے ضابطے متعارف کروانے کے بعد ایلون مسک کی لوکیشن شئیر کرنے والے اکاؤنٹ کو دوبارہ سے معطل کر دیا گیا۔

ایلون مسک نے اس بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ایک شخص نے تعاقب کرتے ہوئے امریکی شہر لاس اینجلس میں ان کی گاڑی پر حملہ کیا جس میں اس وقت ان کے بیٹے سوار تھے۔

انہوں نے بیس سالہ جیک سوینی کے خلاف قانونی ایکشن کی دھمکی بھی دی۔ جیک سوینی کالج کے طالب علم ہیں اور ایک پروگرامر ہیں جو @elonjet نامی اکاؤنٹ چلاتے ہیں۔ مسک نے ساتھ ہی ان اداروں پر ہرجانہ دائر کرنے کی دھمکی بھی دی جو ان کے بقول ان کے خاندان کو نقصان پہنچانے کے حامی ہیں۔

اے پی کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ جیک سوینی کے اکاؤنٹ کے خلاف وہ کس قسم کا قانونی ہرجانہ کریں گے۔ سوینی کا اکاؤنٹ ایلون مسک کے نجی طیارے کی معلومات شئیر کرتا ہے۔

بدھ کے روز تک اس اکاؤنٹ کے ٹوئٹر پر سوا پانچ لاکھ سے زائد فالور تھے۔

سوینی نے کہا ہے کہ انہوں نے اکاؤنٹ کے معطل ہونے کے خلاف فوراً ٹوئٹر پر آن لائن پٹیشن داخل کی ہے۔ ان کے مطابق بعد میں ان کا اپنا اکاؤنٹ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کی وجہ ٹوئٹر کے ضابطوں کی خلاف ورزی، ساز باز اور سپیم بتائی گئی۔

ایلون مسک نے ٹویٹ میں کہا کہ کوئی اکاونٹ بھی اگر کسی فرد کی لمحہ بہ لمحہ مقام کی معلومات شئیر کرے گا اسے معطل کر دیا جائے گا، کیونکہ یہ جسمانی تحفظ کی خلاف ورزی ہے۔

یونیورسٹی آف فلوریڈا کے طالب علم سوینی نے گزشتہ برس دعوی کیا تھا کہ ایلون مسک نے انہیں ان کے جیٹ طیارے کی ٹریکنگ کرنے والا اکاؤنٹ بند کرنے کے بدلے 5 ہزار ڈالر کی پیشکش کی تھی۔ لیکن سوینی نے یہ اکاؤنٹ بند نہیں کیا تھا۔

ایلون مسک نے اس برس 44 ارب ڈالر کی خطیر رقم کے بدلے ٹوئٹر خریدنے کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اس اکاؤنٹ کو بند نہیں کریں گے۔

ٹرمپ ٹوئٹر پر بحال، مگر ٹوئٹ کیوں نہیں کرتے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:14 0:00

سوینی اسی طرح کے مزید اکاؤنٹس چلاتے ہیں جن میں ارب پتیوں کے نجی طیاروں کی معلومات شیئر کی جاتی ہیں۔ ان میں جیف بیزوز، بل گیٹس، مارک زکربرگ اور روسی کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ بدھ کی شام تک یہ سارے اکاؤنٹ بند کر دیے گئے تھے۔

اے پی کے مطابق ٹوئٹر نے ادارے کی جانب سے ردعمل کی درخواست کا ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

اس خبر کے لیے مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG