رسائی کے لنکس

ایما واٹسن اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر نامزد


اقوام متحدہ کی صنفی مساوات کے لیے کام کرنے والی خواتین کی تنظیم 'یو این وومن'کے لیے برطانوی اداکارہ ایما واٹسن کو خیرسگالی سفیر نامزد کیا گیا ہے

ہیری پوٹر فلم سیریز کےمرکزی کردار'ہرمیاونا' سےشہرت کی بلندیوں کوچھونےوالی اداکارہ ایماواٹسن کو اب ان کے مداح ایک نئے کردارمیں بھی دیکھ سکیں گے لیکن ان کا یہ کردار فلمی نہیں بلکہ حقیقی دنیا سے ہےجہاں وہ اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر برائےخواتین کی حیثیت سے کام کریں گی۔

ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق، اقوام متحدہ کی صنفی مساوات کےلیےکام کرنے والی خواتین تنظیم 'یو این وومن' کے لیے برطانوی اداکارہ ایما واٹسن کو خیر سگالی سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

منگل کو ٹوئیٹر پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئےایما واٹسن نےلکھا کہ 'یو این وومن' کی حیرت انگیز ٹیم کےساتھ کام کرنے کےخیال سےوہ بہت پرجوش ہیں۔'

ایماواٹسن نے خبر کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہےکہ اقوام متحدہ کی خواتین تنظیم کی سیکریٹری جنرل اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی جانب سےخیرسگالی سفیرکا اعزاز پانے پر وہ تہہ دل سےمشکور ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایما واٹسن اقوام متحدہ کی سفیرکےنئےکردار کی ذمہ داریوں کے طور پر صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی اور دنیا بھر میں صنفی بنیادوں پرخواتین کےساتھ روا رکھےجانےوالے سلوک اور ان کےحقوق کے لیے بہتر طور پر اپنا کردار ادا کریں گی۔

ہالی وڈ کی پرکشش اداکارہ ایماواٹسن جوحال ہی براؤن یونیورسٹی سےانگریزی ادب میں گریجویشن کی سند حاصل کرچکی ہیں اس سے قبل لڑکیوں کی تعلیمی مہم کےحوالےسے جانی پہچانی جاتی رہی ہیں اور پچھلے کئی برسوں سے انسانی ہمدردی کی کوششوں کےحصےکےطور پر لڑکیوں کی تعلیم کےفروغ کے لیے کام کر رہی ہیں جس کے سلسلے میں بنگلہ دیش اورزمبیا جیسےکئی پسماندہ ممالک کا دورہ کر چکی ہیں۔

ایما واٹسن نےخود کو اس نئے کردار کے لیے وقف کرنےکا وعدہ کیا ہے جبکہ وہ جلد ہی اقوام متحدہ کی مہم 'ہی فار شی' کے تحت دنیا بھرکےمردوں اورنوجوانوں سے اپیل کریں گی کہ وہ جنسی تفریق کا نشانہ بننے والی عورتوں کےحقوق کی جنگ لڑنے میں ان کا ساتھ دیں۔

ایم واٹسن نےکہا کہ،'اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر کا کردار میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ ایسا موقع ہر کسی کو نہیں ملتا۔ اگرچہ، ابھی میں سیکھنے کے ابتدائی مراحل میں ہوں، لیکن امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں میرے تجربات اور انفرادی معلومات سے میرے کردار کی آگہی میں اضافہ ہو سکےگا'۔

اقوام متحدہ خواتین تنظیم کی ایگزیکٹیوڈائریکٹر، نگیکوکا نے کہا کہ مجھےاس بات کا یقین ہےکہ ایما کی ذہانت اورانسانی ہمدردی کا جذبہ تنظیم کے پیغام کوعالمی سطح پرعام کرنے اور نوجوانوں کے دل و دماغ تک پہنچانے کی اہل ثابت ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG