رسائی کے لنکس

انگلش آل راؤنڈر معین علی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلیںڈ کے اسپن آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے کریئر میں 64 ٹیسٹ میچز میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کی۔

پیر کو اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے معین علی نے کہا کہ وہ اب 34 برس کے ہو گئے ہیں اور وہ جب تک بھی اس کھیل سے وابستہ رہیں گے اس سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔

معین علی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو یاد رکھیں گے۔

یاد رہے کہ معین علی نے 2014 میں سری لنکا کے خلاف لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں اپنا ڈیبیو میچ کھیلا تھا۔ انہوں نے 64 ٹیسٹ میچز میں 28 اعشاریہ دو نو کی اوسط سے 2914 رنز بنائے جب کہ چھتیس اعشاریہ چھ کی اوسط سے 195 وکٹیں حاصل کیں۔

بطور اسپن بالر معین علی کے کریئر کا بہترین وقت 2017 سے 2019 کے درمیان تھا۔ انہوں نے 2017 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 26 وکٹیں حاصل کیں جس میں اوول کے میدان میں تاریخی ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

انہوں نے ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر چھ ٹیسٹ میچز میں 32 وکٹیں حاصل کیں۔

بیٹسمین کی حیثیت سے معین علی انگلش ٹیم کی جانب سے اوپننگ بھی کرتے رہے ہیں اور وہ پہلے نمبر سے نویں پوزیشن تک ہر نمبر پر بیٹنگ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے کریئر میں پانچ سینچریاں بنائیں جس میں سے چار سینچریاں 2016 میں بنائیں اور اسی برس وہ 46 اعشاریہ آٹھ چھ کی اوسط سے 1078 رنز بنا کر عالمی رینکنگ میں اپنے کریئر کی بہترین تیسری پوزیشن پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ کے سفر کے دوران ساتھ کام کرنے والے اپنے تمام کوچز اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG