رسائی کے لنکس

انگلینڈ 28 سال بعد ورلڈ کپ سیمی فائنل میں


فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے سوئیڈن کو دو۔صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔انگلینڈ کی ٹیم نے 28 سال بعد ورلڈ کپ کوارٹر فائنل سے آگے رسائی حاصل کی ہے، انگلش ٹیم آخری مرتبہ 1990ء میں کیمرون کو شکست دے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔

انگلش ٹیم کو پہلے ہاف کے 30 ویں منٹ میں دفاعی کھلاڑی ہیری میگائر نے ہیڈر کی مدد سے گول کرکے برتری دلائی، میگائر کا یہ پہلا انٹرنیشنل گول ہے۔

رواں ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی جانب سے مجموعی طور پر یہ آٹھواں گول ہے جو ہیڈر کے ذریعے کیا گیا، یہ 1966ء کے ورلڈ کپ مقابلوں میں پرتگال کےآٹھ گول کے بعد ہیڈر پر سب سے زیادہ گول ہیں۔

میچ کا پہلا ہاف ایک گول سے انگلینڈ کی برتری پر ختم ہوا۔ دلچسپ اعداد و شمار کے مطابق سوئیڈن نے پہلے ہاف میں خسارے میں جانے کے بعد ورلڈ کپ میں کبھی کوئی میچ نہیں جیتا۔ ایسے گیارہ میں سے 9 مقابلوں میں اُسے شکست ہوئی جبکہ دو بے نتیجہ رہے۔

میچ کے 58ویں منٹ میں مڈ فیلڈر ڈیل الّی نے ایک اور گول کرکے انگلینڈ کی برتری دو،صفر کردی۔

دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد سوئیڈن نے میچ میں واپسی کے لئے یکے بعد دیگرے ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی لیکن کوئی بھی کھلاڑی ٹیم کو میچ میں واپس نہ لاسکا اور انگلینڈ نے میچ دو۔صفر سے جیت کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

انگلینڈ تیسری مرتبہ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچا ہے۔ اس سے پہلے 1966ء اور 1990ء میں بھی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 25 واں میچ تھا، انگلینڈ نے 9 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 میچوں میں اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 9 بے نتیجہ رہے۔

XS
SM
MD
LG