رسائی کے لنکس

ٹیسٹ کرکٹ میں 'بیزبال' کی اصطلاح کیوں استعمال ہو رہی ہے؟


انگلینڈ کو برمنگھم ٹیسٹ جیتنے کے لیے مزید 119 رنز درکار ہیں۔
انگلینڈ کو برمنگھم ٹیسٹ جیتنے کے لیے مزید 119 رنز درکار ہیں۔

انگلش بلے بازوں نے 'بیزبال' انداز اپناتے ہوئے بھارت کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ میں اپنی ممکنہ شکست کو فتح میں بدل دیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 378 رنز کا ہدف دیا تھا۔ انگلش ٹیم نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کر لیا۔

دوسری اننگز میں 300 سے زائد رنز کے ہدف کا تعاقب ٹیسٹ کرکٹ میں ہمیشہ سے مشکل رہا ہے لیکن انگلش بلے بازوں نے جس برق رفتاری سے رنز بنائے اس کے بعد کرکٹ مبصرین بھی یہ کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ انگلش بیٹرز نے 'بیزبال کرکٹ' کھیلتے ہوئے یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا۔

لیکن یہ 'بیزبال کرکٹ' کیا ہے؟

ٹیسٹ کرکٹ میں برق رفتار بیٹںگ کے انداز کو 'بیزبال' کہا جاتا ہے اور نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکولم نے پہلی مرتبہ اس اصطلاح کو اپنے اندازِ بیٹںگ کے لیے استعمال کیا تھا۔ برینڈن میکولم اس وقت انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کوچ ہیں۔

برمنگھم ٹیسٹ کے پہلے روز جب بھارت کے پانچ کھلاڑی 100 رنز کے اندر آؤٹ ہوئے تو وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت وکٹ پر ڈٹے رہے اور انہوں نے انگلش بالنگ اٹیک کے خلاف جارحانہ طرز کی بیٹنگ جاری رکھی۔

انہوں نے 111 گیندوں پر 146 رنز بنائے اور انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ریشبھ پنت کی بیٹںگ کی تعریف کرتے ہوئے انگلینڈ کے سابق کپتان پال کولنگوڈ نے ان کی اننگز کو 'بیزبال' قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنت کی اننگز اس جانب اشارہ ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔

بھارت نے برمنگھم ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 416 رنز بنائے تو انگلش ٹیم دباؤ کا شکار دکھائی دی اور پوری ٹیم 286 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ لیکن جونی بیرسٹو نے جس انداز میں بیٹںگ کی اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلی اننگز میں 140 گیندوں پر 106 رنز بنائے تو ان کی اننگز کو بھی 'بیزبال' کہا گیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان رواں ٹیسٹ سیریز کے چار میچز گزشتہ برس کھیلے گئے تھے جس میں بھارت کو 1-2 سے برتری حاصل تھی۔ آخری ٹیسٹ میں فتح کی صورت میں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کے کرونا سے متاثر ہونے کا کہہ کر پانچواں ٹیسٹ ملتوی کر دیا تھا۔ بعدازاں یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی تھیں کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز 19 ستمبر سے شروع ہونا تھے اس لیے بی سی سی آئی نے 14 ستمبر کو ختم ہونے والے پانچویں ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں کو واپس بھارت بلا لیا ہے۔ تاہم ان خبروں کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

XS
SM
MD
LG