رسائی کے لنکس

ایڈیلیڈ ٹیسٹ: انگلینڈ کو جیت کے لیے مزید 178 رنز درکار


منگل کو جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈنے 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنالیے تھے۔ جوروٹ 67 اور ووکس 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 178 درکار ہیں جب کہ آسٹریلیا کی نظریں مہمان ٹیم کی باقی 6 وکٹوں پر لگی ہیں۔

منگل کو ایڈیلیڈ میں جاری ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز اینڈرسن کی شاندار بالنگ کے باعث آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 138 رنز بناسکی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز نسبتاً بہتر رہا۔ الیسٹر کک اور اسٹون مین نے 53 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ لیکن پہلے کک اور صرف ایک رن کے اضافے پر اسٹون مین کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم دباؤ میں آگئی۔

ونس اور کپتان جو روٹ نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو روکا اور اسکور 91 رنز تک پہنچادیا۔ اس موقع پر جیمس ونس 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان جو روٹ اور ڈیوڈ ملان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی۔ لیکن ملان 29 رنز بناکر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

منگل کو جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈنے 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنالیے تھے۔ جوروٹ 67 اور ووکس 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل منگل کو کھیل کے آغاز پر آسٹریلیا نے 53 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز شروع کی لیکن انگلش بالرز کی شاندار بالنگ کے باعث بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

اینڈرسن نے پہلے لیون کو 14 رنز اور پھر ہینڈز کومب کو بھی 12 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

آسٹریلیا کے بیٹسمین ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم صرف 138 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عثمان خواجہ اور مچل اسٹارک نے 20، 20 رنز بنائے، جو کسی بھی بیٹسمین کا سب سے زیادہ اسکور رہا۔

انگلینڈ کی طرف سے جیمس اینڈرسن نےشاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ووکس نے 4 اور اوورٹن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG