رسائی کے لنکس

بھارت کو اوول ٹیسٹ میں بھی شکست، انگلینڈ سیریز 1-4 سے جیت گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان اوول میں ہونے والا سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ بھارت کے لیے امتحان ثابت ہوا جبکہ انگلینڈ کو اس میچ میں کئی عالمی ریکارڈز بنانے کا موقع ملا۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا اوول میں کھیلا گیا پانچواں اور آخری میچ جہاں بھارت کے لیے تلخ یاد بن کر رہ گیا وہیں انگلینڈ کے دو کھلاڑیوں السٹر کک اور اینڈرسن کے لیے یہ ٹیسٹ ہمیشہ یاد گار رہے گا۔

انگلینڈ نے اوول ٹیسٹ میں بھارت کو 118 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز چار - ایک سے جیت کر اپنے نام کرلی۔

السٹر کک نےاپنے کیریئر کے اس آخری میچ میں سینچری اسکور کرکے اسے یادگار بنایا تو اینڈرسن نے ٹیسٹ میچوں میں 564 وکٹیں لے کر آسٹریلیا کے مک گرا کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز جب بھارت نے 58 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی تو اُسے جیت کے لیے مزید 406 رنز درکار تھے۔ لیکن باقی سات وکٹیں اسکور میں 287 رنز کا اضافہ کرسکیں اور پوری ٹیم 345 ہی رنز بناسکی۔

بھارت کی طرف سے لوکیش راہول 149، رشبھ پنت 115، اجنکیا رہا نے 37 اور رویندرا جدیجا 13 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔

کپتان ویراٹ کوہلی دوسری اننگز میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے السٹر کک نے 147 رنز بناکر اپنی الوداعی اننگز کو یادگار بنایا۔ کک نے پہلی اننگز میں 71 رنز بنائے تھے۔

اس طرح وہ کیریئر کے پہلے اور آخری ٹیسٹ میں سینچری بنانے والے دنیا کے پانچویں کرکٹر بن گئے۔

یہ الیسٹر کک کی 33 ویں سنچری تھی۔ وہ جب 76 رنز پر پہنچے تو انہوں نے روایتی طرز کی کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے کک نے 161 میچز کی 291 اننگز میں 45 اعشاریہ 35 کی اوسط سے 12472 رنز بنائے جن میں 33 سنچریاں اور 57 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

انہوں نے سب سے بڑی انفرادی اننگز 294 رنز بھی بھارت کے خلاف ہی کھیلی تھی۔ وہ انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز اور سنچریز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔

دوسری جانب جیمس اینڈرسن نے محمد شامی کو کلین بولڈ کرکے ٹیسٹ میچوں میں اپنی 564 ویں وکٹ حاصل کی جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر گلین مک گرا نے 563 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

XS
SM
MD
LG