رسائی کے لنکس

ایشز ٹیسٹ: آسٹریلیا کو 135 رنز سے شکست، سیریز 2-2 سے برابر


انگلینڈ کے کپتان جو روٹ ٹیسٹ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ خوشی منا رہے ہیں
انگلینڈ کے کپتان جو روٹ ٹیسٹ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ خوشی منا رہے ہیں

اوول میں کھیلے گئے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچویں ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگ میں 263 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یوں انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ 135 رنز سے جیت کر ایشز سیریز 2-2 سے برابر کر دی ہے۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگ میں میتھیو ویڈ نے شاندار سنچری بنائی۔ تاہم ان کے علاوہ آسٹریلیا کا کوئی بھی بیٹسمین اس ٹرننگ وکٹ پر کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکا۔

اس میچ کی پہلی اننگ میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 294 رنز بنائے۔ جوس بٹلر 70 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ ان کے علاوہ کپتان جو روٹ نے 57 اور اوپنر روری برنز نے 47 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل مارش سب سے کامیاب بالر رہے۔ انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹرک کمنز نے 3 اور جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو پیویلین کا راہ دکھائی۔

اس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 225 رنز بنا سکی۔ سمتھ نے 80 اور میمس لیبوشانے نے 48 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے جوفرا آرچر 6 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے۔ ان کے علاوہ سیموئل کرن نے 3 اور کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ نے دوسری اننگ 69 رنز کی لیڈ کے ساتھ شروع کی اور ڈینلی 97، سٹوکس 67 اور بٹلر کی 47 رنز کی شاندار بیٹنگ کے باعث 329 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے نیتھن لائنز نے 4، اور کمنز، سڈل اور مارش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

یوں آسٹریلیا کو یہ ٹیسٹ جیتے کیلئے 399 رنز کا ہدف ملا لیکن آسٹریلیا کی ٹیم میتھیو ویڈ کے شاندار 117 رنز کی اننگ کے باوجود 263 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کی طرف سے کرس براڈ اور جیک لیچ نے 4,4 اور جو روٹ نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے اس میچ میں تسلسل کے ساتھ 90 میل فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار سے بالنگ کرتے ہوئے پہلی اننگ میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ ایشز سیریز 2-2 ٹیسٹ سے برابر رہی۔ یوں آسٹریلیا نے ایشز ٹرافی اپنے نام برقرار رکھی۔

آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین ایشز کا مرتبان آٹھائے ہوئے اپنی ٹیم کے ساتھ۔
آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین ایشز کا مرتبان آٹھائے ہوئے اپنی ٹیم کے ساتھ۔

میچ کے بعد آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین نے کہا کہ اس میچ میں ٹاس جیتنے کے باوجود فیلڈرز نے بالرز کا بھرپور ساتھ نہ دیا اور یوں انگلینڈ کو پہلی اننگ میں لیڈ حاصل کرنے کا موقع مل گیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایشز ٹرافی برقرار رکھنا ان کی ٹیم کیلئے بڑا اعزاز ہے۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا کہنا تھا کہ ٹاس ہارنے کے باوجود اُن کی ٹیم نے شانداز کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ جوفرا آرچر کی بالنگ زبردست رہی اور دیگر بالرز نے بھی اُن کا بھرپور ساتھ دیا۔

XS
SM
MD
LG