رسائی کے لنکس

انگلش کپتان اوئن مورگن ایک میچ کے لیے معطل


اوئن مورگن (فائل فوٹو)
اوئن مورگن (فائل فوٹو)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن کو سلو اوور ریٹ پر ایک میچ کے لیے معطل اور 10 کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فی صد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ مورگن کو میچ فیس کا 40 فی صد جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

مورگن کو پاکستان کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں مقررہ وقت کے دوران انگلش ٹیم کی جانب سے دو اوورز کم کرانے پر معطلی اور جرمانے کی سزا ملی ہے۔

سزاؤں کا فیصلہ ایمریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے سنایا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کا ایک منظر
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کا ایک منظر

آئی سی سی ضابطۂ اخلاق کے تحت اگر کوئی ٹیم مقررہ وقت کے دوران کم اوور کرائے تو کھلاڑیوں پر ہر ایک اوور کے لیے 10 فی صد جب کہ کپتان پر دوگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

اوئن مورگن 22 فروری کو بارباڈوس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچ کے دوران بھی اس ضابطے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔ اس طرح پانچ ماہ کے عرصے میں ان کی جانب سے دوسری مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کیا گیا ہے۔

اس معطلی کے بعد انگلش کپتان جمعے کو پاکستان کے خلاف ناٹنگھم میں ہونے والے چوتھے ون ڈے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

دوسری جانب برسٹل میں پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران آئی سی سی ضابطۂ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی پر انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین جونی برسٹو کی سرزنش کی گئی ہے۔

بیرسٹو نے آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کی شق 2 اعشاریہ 2 کی خلاف ورزی کی ہے جس کا تعلق کھلاڑیوں کے ہاتھوں بین الاقوامی میچز کے دوران کرکٹ کے سامان یا کپڑوں اور گراؤنڈ ایکوپمنٹ کے غلط استعمال سے ہے۔

انگلش بیٹسمین نے آؤٹ ہونے کے بعد ناگواری کا مظاہرہ کرتے ہوئے، بیٹ وکٹوں پر دے مارا تھا۔

اس کے علاوہ بیرسٹو کے انضباطی ریکارڈ میں ایک منفی پوائنٹ کا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔

بیرسٹو نے اپنے جرم کو تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری رچی رچرڈسن کی تجویز کردہ سزا کو قبول کر لیا ہے۔ لہٰذا، اس حوالے سے باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں رہی۔

بیرسٹو پر الزامات فیلڈ امپائر مائیکل گوف، پال ریفل اور تھرڈ امپائر کرس گیفنی نے عائد کیے تھے۔

تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امام الحق کے ریکارڈ 151 رنز کی بدولت انگلینڈ کو 354 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا۔ تاہم، انگلش بیٹسمینوں نے اچھی پرفارمنس دکھاتے ہوئے یہ ہدف 45 ویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

دونوں ملکوں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا ون ڈے جمعے کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG