رسائی کے لنکس

انگلش کرکٹ ٹیم 17 برس بعد پاکستان پہنچ گئی


CRICKET-ENG-SRI-T20
CRICKET-ENG-SRI-T20

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 برس بعد پاکستان پہنچ گئی ہے جہاں وہ میزبان کے خلاف سات ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

جوز بٹلر کی قیادت میں 18 رکنی انگلش دستہ جعمرات کی صبح کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کو خوش آمدید کہا۔

انگلش اسکواڈ کپتان جوز بٹلر، نائب کپتان معین علی، ڈیوڈ ملان، مارک ووڈ، ہیری بروک، سیم کران، بین ڈکٹ، لیام ڈوسن، ڈیوڈ ویلے، ریسی ٹوپلے، کرس جورڈن، فل سالٹ، اولی اسٹون، عادل رشید، رچرڈ گلیسن، ول جیکس اور لیوک وڈ پر مشتمل ہے۔

انگلش ٹیم ایئرپورٹ سے ہوٹل روانہ ہو گئی ہے جہاں مہمان ٹیم کے کپتان دوپہر دو بجے پریس کانفرنس کریں گے جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی جمعرات کو ہی انگلینڈ کے خلاف ٹیم کا اعلان کرے گی۔

واضح رہے کہ آخری مرتبہ انگلش ٹیم نے کپتان مائیکل وان کی قیادت میں 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی۔ پاکستان نے انضمام الحق کی قیادت میں ٹیسٹ سیریز دو صفر اور ون ڈے سیریز 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔

گزشتہ برس اکتوبر میں بھی انگلش ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور اس دورے میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں شیڈول تھے۔ تاہم سیریز سے چند روز قبل انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی مسائل کو جواز بنا کر یہ دورہ ملتوی کر دیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلش بورڈ کے فیصلے پر شدید تنقید کی تھی۔


انگلش ٹیم کا حالیہ دورۂ پاکستان رواں برس اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاری کے لیے مددگار ثابت ہو گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 20 ستمبر سے شروع ہو گی جس کے ابتدائی چار میچز کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اور بقیہ تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلش ٹیم جمعے سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی جب کہ پاکستان ٹیم جمعے کو کراچی پہنچے گی اور ہفتے سے اپنی ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔ دونوں ٹیمیں فلڈ لائٹس میں پریکٹس کریں گی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ابتدائی چار میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ 28، 30 ستمبر اوردو ا کتوبر کو شیڈول میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG