رسائی کے لنکس

یکم جون کو ریلیز ہونے والی نئی فلم ”راوٴڈی راٹھور“


اکشے کمار ایک طویل مدت کے بعد دوبارہ سے ایکشن ہیرو کے طور پر نظر آئیں گے ورنہ اس دوران وہ مزاحیہ فلمیں زیادہ کرتے رہے ہیں

کل یعنی جمعہ یکم جون کو بالی ووڈ فلموں کا نیا میلہ سجنے جارہا ہے۔ اس بار اس میلے کی سب سے اہم اور قابل ذکر فلم ہے ”راوٴڈی راٹھور“ ۔ بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس فلم کے لئے ممبئی اور نئی دہلی سمیت تمام بڑے شہروں کے سنیماہالز میں ایڈوانس بکنگ جاری ہے اور ٹکٹ بک کرانے والوں کی بھیڑ کو دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ فلم باکس آفس پر ریکارڈ اوپننگ کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

”راوٴڈی راٹھور“کے ساتھ جس بڑے فلمساز کا نام جڑا ہے وہ ہے لیلا سنجے بنسالی جبکہ فلم کے ڈائریکٹر بھی آپ کے دیکھے بھالے ہیں۔ پربھو دیو۔

پربھو بالی ووڈ فلموں کے بہت اچھے ڈانسر ہیں اور سچ پوچھئے تو ڈائریکشن سے پہلے انہیں دنیا بڑے ڈانسر اور اداکار کے حوالے سے جانتی ہے۔ ہندی فلموں کی ڈائریکشن انہوں نے ابھی ابھی سنبھالی ہے تاہم وہ ایک دو علاقائی فلمیں ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔ البتہ ہندی میں ڈائریکشن کے حوالے سے ” راوٴڈی راٹھور“ان کی پہلی فلم ہے۔

”راوٴڈی راٹھور“کی کاسٹ میں شامل ہیں اکشے کمار، سوناکشی سنہا، پریش، سپریتی ریڈی جبکہ کرینا کپور، پربھو دیو ، مریم ذکریا، شکتی موہن، وجے کمار، راجیش حمل اور امیت کماری آپ کو اس فلم میں بطور مہمان اداکار نظر آئیں گے۔

اکشے کمار ایک طویل مدت کے بعد دوبارہ سے ایکشن ہیرو کے طور پر نظر آئیں گے ورنہ اس دوران وہ مزاحیہ فلمیں زیادہ کرتے رہے ہیں۔

فلم میں راوٴڈی (اکشے کمار) کو ایک پیشہ وار اور عادی چور دکھایا گیا ہے ۔اس کی فطرت میں ہر وہ کام کرنا ہے جو دوسروں کے لئے چیلنج ہو۔ ایک روز اچانک ایک لڑکی اسے اپنا باپ ہونے کا دعویٰ کربیٹھتی ہے۔راوٴڈی اس حقیقت کی تلاش میں نکل کھڑا ہوتا ہے کہ آخر اس لڑکی کا والد ہے کون؟اور وہ اسے اپنا باپ کیونکر سمجھتی ہے؟اسی دوران اسے پتہ چلتا ہے کہ اس لڑکی کا باپ ایک اعلیٰ افسر ہے جس کا نام وکرم سنگھ راٹھور ہے اور جو راوٴڈی کا ہم شکل ہے۔

اصل میں وکرم سنگھ راوٴڈی کا جڑواں بھائی ہے جو بہت پہلے کھو گیا تھاتاہم اس سے قبل کہ وکرم اپنے بھائی سے ملنے کی خوشی سے پوری طرح لطف اندوز ہوتا وہ انڈرورلڈ گینگ کے ہاتھوں مارا جاتا ہے ۔ راوٴڈی اپنے بھائی کی موت کا بدلہ لینے کے لئے پولیس فورس اور وکرم کے گھر میں وکرم بن کر رہنے لگتا ہے۔ آخر کار وہ یہ معلوم کرنے میں کامیاب ہوہی جاتا ہے کہ آخر اس کے بھائی کو کیوں ماردیا گیا۔

اس فلم کی ایک خاص بات یہ بھی ہےکہ اس میں کرینا کپورنےایک آئٹم سانگ پکچرائزکرایا ہے۔




XS
SM
MD
LG