رسائی کے لنکس

کومل رضوی کی موسیقی کی دنیا میں واپسی، نیا گانا ریلیز ہوگیا


کومل رضوی
کومل رضوی

اِس گانے کی سب سے خاص بات یہ ہے اسے کومل نے خود لکھا اور خود کمپوز کیا ہے، البتہ اسے ڈائریکٹ کیا ہے عمیر عادل نے

پاکستانی سنگر کومل رضوی کا صوفیانہ کلام پر مبنی نیا گانا ’جھولے لعل‘ ریلیز ہوگیا ہے۔ اس بات کا باقاعدہ اعلان منگل کوکراچی پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیاگیا۔ پریس کانفرنس میں موجود کومل رضوی کے ایک پرستار کا کہنا تھا کہ ’جھولے لعل‘ میں کومل نے مخصوص صوفی اور پاپ اسٹائل کوایک حسین امتزاج کی شکل میں پیش کیا ہے جو سننے والے کو پہلی نظر میں ہی دل میں اترتا محسوس ہوتا ہے۔

اِس گانے کی سب سے خاص بات یہ ہے اسے کومل نے خود لکھا اور خود کمپوز کیا ہے، البتہ اسے ڈائریکٹ کیا ہے عمیر عادل نے۔

کومل رضوی نے وائس آف امریکہ سے تبادلہٴ خیال میں کہا کہ ’ان کے لئے موسیقی روح کی غذا کا درجہ رکھتی ہے ‘۔ان کا کہنا تھا کہ” جھولے لعل “ کی شاعری میں ان کے دلی جذبات بھی شامل ہیں۔اس گانے کو انہوں نے انتہائی موثر اندا ز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے، ’اور اِس کوشش میں میں کہاں تک کامیاب ہوئی ہوں یہ سننے والے ہی مجھے بتاسکیں گے‘۔

کچھ عرصہ پہلے کومل کا ایک اور نیا البم ’کومل‘ کے نام سے ہی ریلیز ہوچکا ہے ۔ اس البم کی دھنیں صوفیانہ ہونے کے ساتھ ساتھ لوک موسیقی کا بھی رنگ لئے ہوئے ہیں جبکہ یہ دھنیں جدید انسٹرومنٹ پر ترتیب دی گئی ہیں۔

بھارت میں البم ’کومل ‘کو خوب پذیرائی مل چکی ہے۔ اسے معروف بھارتی میوزک کمپنی ’ ایچ ایم وی ۔سارے گاما‘ نے ریلیز کیا ہے۔ اس میں کومل کے تین نئے جبکہ باقی پرانے ،مگر ہٹ گانے موجود ہیں۔ تین گا نئے گانوں میں ’جھولے لعل ‘ سر فہرست ہے۔

کومل بطور اداکارہ
کچھ سالوں پہلے کی بات ہے پی ٹی وی سے ایک ڈرامہ پیش ہوتا تھا ”ہوائیں“۔ ڈرامے کی کاسٹ میں شامل تھے طلعت حسین، غزالہ کیفی، قاضی واجد ، کومل رضوی اور قیصرخان نظامانی وغیرہ۔ یہ وہ دور تھا جب ڈراموں کے دقت پاکستان کی سڑکوں پر سناٹا چھا جاتا تھا اور گھر گھر یہ ڈرامے دیکھے جاتے تھے۔ ”ہوائیں“ کی آخری قسط میں طلعت حسین کے کردار کو جب پھانسی دی گئی تو سڑکوں پر ہو کا عالم تھا۔ لوگوں نے بہت انہماک سے یہ ڈرامہ دیکھا۔

ڈرامے کی کامیابی میں جہاں اور بہت ساری خوبیاں تھیں وہیں اس ڈرامے سے کومل رضوی کو وہ شہرت ملی کہ کومل گھر گھر پہچانی جانے لگیں۔ جسے دیکھو کومل کو پسند کرنے لگا۔ اسی دوران کومل نے ایک اور کمال کیا ۔ ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ انہوں نے گلوکاری بھی شروع کردی اور یہاں بھی خوب نام کمایا۔ انہوں نے اپنے ہپ ہاپ اسٹائل اور مدھ بھری آواز سے لوگوں کے دل جیت لئے۔

پھر جب پی ٹی وی کے عروج کو گہن لگا تو کومل بھی دیگرمصروفیات میں لگ گئیں۔ لیکن اب ایک مرتبہ پھرکومل کی موسیقی کی دنیا میں واپسی ہوگئی ہے۔ان کا نیا صوفیانہ گیت ”جھولے لال“ پاکستان میں ’ہم‘ ٹی وی کے اشتراک سے ریلیز ہو گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG