رسائی کے لنکس

سال 2013ء میں ریلیز ہونے والی سیکوئل فلمیں


چونکہ، فلم بین پہلے برانڈ کی کامیابی سے اچھی طرح واقف ہوجاتے ہیں لہذا، ان میں خود بخود سیکوئل دیکھنے کا اشتیاق پیدا ہوتا ہے اور یہ وہ اشتیاق ہے جسے لاکھوں روپے خرچ کرکے بھی ازخود پیدا نہیں کیاجا سکتا

بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں سیکوئل بنانے کی دوڑ ابھی ختم نہیں ہوئی اور لگتا ہے کہ آنے والے سال 2013ء میں بھی فلم سازوں پر سیکوئل فلمیں بنانے کا نشہ چھایا رہے گا ۔ اِس لئے جو فلم بین سیکوئل فلمیں پسند کرتے ہیں وہ خوش ہوجائیں کہ آئندہ سال وہ کم ازکم ایک درجن سیکوئل فلمیں دیکھ سکیں گے۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے رپورٹ دی ہے کہ سال2013ء میں جِن فلموں کے سیکوئلز ریلیز ہوں گے اُن میں شامل ہیں : ” ریس ٹو“ ،” مرڈر تھری“،” ونس سپون اے ٹائم ان ممبئی ٹو“،” راگنی ایم ایم ایس ٹو“،” کرش تھری“،” دھوم تھری“،” شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالہ“(سابق فلم ”شوٹ آوٴٹ ایٹ لوکھنڈ والا“)” صاحب بیو ی اور گینسٹر ریٹرنز“،” ہیٹ اسٹور ی ٹو“،” گرانڈ مستی“،” دیدعشقیہ “اور ”عاشقی ٹو “۔

سیکوئل فلمیں کیوں بنتی ہیں؟

کسی بھی پرڈویوسر کی جب ایک نام سے ایک فلم ہٹ ہو جاتی ہے توپھر اس کا سیکوئل کیوں بنایاجاتا ہے ۔آخرایک نام میں ایسا کیاہوتا ہے جواسی نام سے کئی کئی سیکوئل فلمیں بنائی جاتی ہیں؟ اِس سوال کے جواب میں ممبئی کے فلمی تجزیہ نگار اتل موہن کا کہنا ہے ، ’پروڈیوسرز برانڈ ویلیو کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اب وہ دور نہیں رہا جب فلمیں ایک لگے بندھے بجٹ میں تیار کرلی جاتی تھیں بلکہ آج کی فلموں کا بجٹ کہیں سے کہیں جاپہنچتا ہے ۔لہذا، جب ایک برانڈ نیم ہٹ ہوجائے تو اس کے سیکوئل کی پروموشن پر زیادہ خرچہ نہیں آتا۔ فلم بینوں کے ذہنوں میں برانڈ نیم زندہ رہتا ہے۔ لہذا، وہ برانڈ ویلیو کا اندازہ کرکے سیکوئل ضرور دیکھنے جاتے ہیں۔‘

بالا جی فلمزسے وابستہ گریش جوہربھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں ۔اُن کا کہنا ہے، ’ جو فلم ہٹ ہوتی ہے اس کے دیکھنے والوں کا ایک اپنا حلقہ بن جاتا ہے اور فلم میکر اُسی کا فائدہ اٹھانے کی غرض سے سیکوئل بناتا ہے ۔ چونکہ، فلم بین پہلے برانڈ کی کامیابی سے اچھی طرح واقف ہوجاتے ہیں لہذاان میں خود بخود سیکوئل دیکھنے کا اشتیاق پیدا ہوتا ہے اور یہ وہ اشتیاق ہے جسے لاکھوں روپے خرچ کرکے بھی ازخود پیدا نہیں کیاجاسکتا۔ یعنی برانڈ پاور، برانڈ ویلیو دونوں کافائدہ پروڈیوسر کو ملتا ہے۔‘

فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ آنے والے سال میں اگر سیکوئل فلمیں مزید ہٹ ہوئیں تو سمجھئے سیکوئل فلموں کا رجحان آگے بھی زندہ رہے گا، بصورتِ دیگر 2013ء سیکوئل فلموں کے لئے آخری سال بھی ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ فلم بین کب ،کس سے بور ہوجائیں، اِس بارے میں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔
XS
SM
MD
LG