رسائی کے لنکس

سسرال گیندا پھول، کی راگنی کھنہ نے ہزاروں دل جیت لئے


سسرال گیندا پھول، کی راگنی کھنہ نے ہزاروں دل جیت لئے
سسرال گیندا پھول، کی راگنی کھنہ نے ہزاروں دل جیت لئے

بھارت میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹی وی چینل اسٹار پلس پرچندماہ پہلے ہی ایک نیا ڈرامہ سیریل شروع ہوا ہے "سسرال گیندا پھول"۔۔ ویسے تو یہ سوپ اوپیرا ہے جس میں ایک بڑی فیملی کے مسائل کی عکاسی کی گئی ہے ۔ سوپ اوپیرا میں فنکاروں کی بھرمار ہوتی ہے اور ایسے میں کسی ایک فنکار کے لئے سب کو پیچھے چھوڑنا ایک چیلنج ہوتا ہے ۔ یہ چیلنج اس وقت اور بھی زیادہ مشکل ہوجاتا ہے جب فنکار نیا نیا فیلڈ میں آیا ہو۔

ڈرامہ سیریل کی سہانہ یعنی راگنی کھنہ کو بھی کچھ اسی قسم کی صورتحال کا سامنا تھا مگر انہوں نے ہنستے مسکراتے یہ بازی جیت لی۔۔۔ دراصل اس سیریل میں وہ جس مخصوص اور خوب صورت انداز میں ہنستی اور مسکراتی ہیں وہ لوگوں کے دلوں میں گھر کرگیا ہے ۔ سہانہ کی مسکراہٹ ہی ان کی کامیابی بن گئی ہے۔

اپنی دلکش مسکراہٹ اور سیریل کے حوالے سے راگنی کا کہنا ہے کہ سہانہ کا کردار سیریل میں سب سے الگ ہے ۔ میں چاہتی ہوں کہ عام زندگی میں بھی سہانہ بن کر جیوں کیونکہ مجھے اس کردار سے لگاوٴ ہے مگر جیسا کہ سب جانتے ہیں، حقیقی زندگی اور اسکرین میں بہت فرق ہوتا ہے۔

راگنی کا کہنا ہے کہ اتنی مختصر مدت میں لوگوں میں شہرت حاصل کرنا ان کے لئے اطمینان کا باعث تو ہے مگر اب وہ یہ سوچ سوچ کر پریشان ہیں کہ کیا کسی اگلی سیریل میں بھی وہ کچھ ایسا ہی منفرد انداز اپنا سکیں گی جو ان کی کامیابی کا زینہ ثابت ہو۔

واضح رہے کہ انہیں بیک وقت کئی بھوج پوری فلموں میں کام کی آفر ہوئی ہے اور ان آفرز میں سے کئی ایک کو انہوں نے فائنل بھی کیا ہے ، دیکھیں چھوٹی اسکرین کی یہ اداکارہ بڑ ی اسکرین پر کس حد تک کامیاب ہوتی ہے۔

###

رنبیر کپور کی جانب سے لو افئیرز کا اعتراف

اگر آپ یہ جائزہ لیں کہ موجودہ وقت کا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا ہیرو کون ہے تو یہ قرعہ یقیناً رنبیر کپور کے نام نکلے گا۔ جی ہاں۔۔۔عوامی پسند کے مطابق رنبیر کپور اس وقت کے ٹاپ ہیرو ہیں جبکہ کترینا ٹاپ ہیروئن!!!

جب سے فلم 'عجب پریم کی غضب کہانی' ریلیز ہوئی ہے لوگوں نے اندازے لگانا شروع کردیئے تھے کہ نہ صرف یہ جوڑی فلم اسکرین پر غضب ڈھائے گی بلکہ حقیقی زندگی میں بھی دونوں 'غضب' ڈھائیں گے۔۔۔

پہلے تو خود رنبیر کپوریہ ماننے کے لئے تیار نہیں تھے کہ ان کا کترینا سے افئیر چل رہا ہے مگر اب وہی رنبیر کپور بلاخر یہ تسلیم کر بیٹھے ہیں کہ ان کی کترینا ہی نہیں اور بھی بہت ساری گرل فرینڈز ہیں۔ یہی نہیں بلکہ وہ جوش جذبات میں اس بات کا بھی اقرار کرگئے کہ انہیں کئی لڑکیوں کو ایک ساتھ "مینیج" کرنے کا فن بھی آتا ہے۔

انہوں نے ان باتوں کا اقرار کرن جوہر کے پروگرام" کافی وودکرن" میں حال ہی میں کیا۔ رنبیر نے اس پروگرام میں بعض ایسے بھی انکشافات کئے جو خاصی دلچسپی کا باعث ہیں۔ مثلا ً رنبیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے موبائل فون میں لڑکیوں کے فون نمبر مردوں کے نام سے سیف کررکھے ہیں تاکہ دوسروں کو ان کے بارے میں کچھ پتہ نہ ہوسکے۔

ان کے اس انکشاف سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وہ گرل فرینڈز سے متعلق درست کہہ رہے ہیں۔ فلمی حلقوں نے پہلے تو سونم کپوراور بعد میں کترینا کیف کے ساتھ چلنے والے افئیرز کو نوٹ کیا ۔ اور پھران دو لڑکیوں کا معاملہ نمٹا بھی نہیں تھا کہ دپیکا پدکون اور رنبیر کو لے کر طرح طرح کی باتیں شروع ہوگئیں۔ اس پر رنبیر کا یہ اعتراف کہ ان کی بہت سی گرل فرینڈز ہیں ، معاملے کو ہوا دے رہا ہے۔

###

"گول مال تھری" نے "ایکشن ری پلے "کو پیچھے چھوڑدیا

"گول مال تھری" نے بلاخر دھماکا کردیا ہے۔ رواں ماہ کے شروع میں ریلیز ہونے والی دو فلموں گول مال تھری اور ایکشن ری پلے کے بڑے چرچے تھے اور دونوں میں سخت مقابلہ تھا مگر رواں ہفتے موصول ہونے والی باکس آفس رپورٹ نے گول مال تھری کو کلیئر کردیا ہے۔ یعنی بزنس کے لحاظ سے گول مال تھری ایکشن ری پلے کو پیچھے چھوڑ گئی ہے۔

فلمی ماہرین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ گول مال لائٹ کامیڈی فلم ہے ۔ اس کے دو سیکول پہلے ریلیز ہوچکے ہیں اور اب تیسرے حصے کی کامیابی نے یہ منفرد ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے ۔ غالباً یہ پہلی ہندی فلم سیکول ہے جس کے اب تک ریلیز ہونے والے تمام پارٹس کامیاب رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG