رسائی کے لنکس

بدائی کی 'گھڑیاں' ختم، ہفتے کو آخری قسط پیش ہوگی


بدائی کی 'گھڑیاں' ختم، ہفتے کو آخری قسط پیش ہوگی
بدائی کی 'گھڑیاں' ختم، ہفتے کو آخری قسط پیش ہوگی

پاکستانی خواتین کی دلکشی کا سبب اور بھارتی چینل اسٹار پلس کی ڈرامہ سیریل" بدائی" ختم ہورہا ہے اور پرسوں یعنی ہفتہ 13 نومبر کو اس کی آخری قسط پیش کی جائے گی۔ سیریل تین سال سے جاری تھی۔

سیریل بنیادی طور پر ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو ذہنی طور پر چھوٹے بچے کی طرح ہے۔ بچپن میں پیش آنے والے واقعات کے سبب اس کا جسم بڑھتا رہا مگر ذہن چھوٹا ہی رہا۔ اس صورتحال میں وہ زندگی کو کس انداز سے جیتا ہے یہی اس سیریل کا بنیادی نکتہ تھا۔

کہانی کی دلچسپی کو بڑھانے کے لئے سائیڈ میں دو ایسی بہنوں کی کہانی بھی بیان کی گئی جو آپس میں قریبی رشتے دار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے مختلف بھی تھیں۔ ایک بہت گوری جبکہ دوسری بہن کی رنگت کالی تھی ۔یہ دونوں بہنیں دو بھائیوں سے شادی کرکے ایک ہی چھت تلے زندگی گزارنے لگیں اور پھر جو جو مسائل پیش آئے وہ سیریل کے موڑ بنتے چلے گئے۔ اب سیریل کا اختتام خوشی خوشی ہورہا ہے۔

سیریل کے دو کردار آلیک اور راگنی سب سے زیادہ پسندیدگی کا سبب بنے ۔ آلیک کا کردار انگنت ہسیجا اور راگنی کا کردار پارول چوہان نے ادا کیا تھا۔ دونوں فنکاروں کا یہ پہلا سیریل تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آلیک یعنی انگت نے پہلے یہ رول ادا کرنے سے منع کردیا تھاجبکہ آج یہی رول ان کی شہرت اور پہچان کا سبب بن گیا ہے۔

اس سلسلے میں آلیک کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ڈرامہ سیریل اس قدر ہٹ ہوگی۔ بنیادی طور پر وہ ذہنی طور پر پسماندہ رہ جانے والے نوجوان کا کردار تھا جسے آلیک کرتے ہوئے گھبرارہا تھا ۔ اب آلیک کا کہنا ہے کہ یہ ایک نئے فنکارکے لئے عطیہ قدرت ثابت ہوا۔ میرے نزدیک" بدائی" میں کام کرنا ایک خواب تھا اور اب یہ خواب ٹوٹ رہا ہے۔ گزشتہ تین سال میری زندگی کے سنہری لمحات رہے۔ 'بدائی' نے مجھے عزت، شہرت اور کامیابی ۔۔سب کچھ دی۔

ادھر پارول چوہان کا کہنا ہے کہ "بدائی" کا شروع ہونا اور اس میں کام کرنا میرے لیے بھی ایک سپنا ہی تھا۔ اب یہ ختم ہورہا ہے تو مجھے افسوس سا ہے۔ انگت بھی اداس ہے۔ شو تھا تو زندگی میں ایک ہلچل سی تھی اب شو آف ہورہا ہے تو دل اداس ساہے۔ یہ شو ہماری زندگی سے جڑ سا گیا تھا۔ میں تو دعا کروں گی کہ "بدائی " کا نیا سیشن بھی بنے اور ہم ایک بار پھر اس کا حصہ بنیں.

XS
SM
MD
LG