رسائی کے لنکس

برطانیہ میں مقامی اور یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات


بلدیاتی انتخابات کو سال 2015 کے عام انتخابات سے قبل آخری بڑا معرکہ قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ یہ نتائج اگلے برس پارلیمانی انتخابات پراثرانداز ہو سکتے ہیں

برطانیہ بھر میں بلدیاتی کونسلوں اور یورپی یونین کی پارلیمانی نشستوں کے عام انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ لاکھوں برطانوی رائے دہندگان مقامی کونسلرز اور یورپی پارلیمانی اراکین کی خالی نشستوں پر کھڑے ہونے والے امیدوراوں کے لیے جمعرات 22 مئی کو اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ووٹنگ کا آغاز صبح سات بجے ہوا جو رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔

مقامی کونسلوں کے نتائج کا اعلان جمعہ کے روز متوقع ہے جبکہ یورپی یونین کے کامیاب امیدوراوں کے ناموں کا اعلان اتوار کی رات تک کیا جائے گا۔

کہا جارہا ہے کہ مقامی کونسلوں کے ساتھ یورپی یونین پارلیمنٹ سال 2015 ءکے انتخابات کا ایک ساتھ انعقاد اس لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب برطانیہ کے کل 46 ملین ووٹرز وعام انتخابات کے علاوہ کسی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

پولنگ اسٹیشنوں کی حفاظت، دھاندلی کی شکایات اور دھوکہ دہی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری تعداد علاقے میں گشت کر رہی ہے۔ ساتھ ہی، ووٹرز کو خبردار کیا گیا ہے وہ ووٹنگ اسٹیشنز پر موبائل فون سے تصویر (سیلفی) نا اتاریں ورنہ انھیں جیل میں بند کیا جاسکتا ہے۔

بلدیاتی انتخابات برطانیہ کی 161 کونسلوں اور شمالی آئر لینڈ کی11کونسلوں سے لڑا جارہا ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں مقامی کونسل کے انتخابات نہیں ہو رہے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کو سال 2015 کے عام انتخابات سے قبل آخری بڑا معرکہ قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ یہ نتائج اگلے برس پارلیمانی انتخابات پراثرانداز ہو سکتے ہیں۔

انگلش کونسلوں کی 4,216 خالی نشستوں اور یورپی پارلیمانی کی 73 نشستوں کے لیے آج میدان میں اترنے والے امیدوراوں کی فہرست میں بڑی تعداد میں پاکستانی اور کشمیری امیدوار بھی شامل ہیں، جن کی اکثریت لیبر کے سیاسی جھنڈے تلے انتخابی معرکہ لڑ رہی ہے؛جبکہ، کنزرویٹیو اور لیبرل ڈیمو کریٹ جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ایشیائی امیدوار بھی انتخابی میدان میں مستحکم سمجھے جارہے ہیں۔

برطانیہ کی مقامی کونسلوں کی کل نشستوں میں سے لگ بھگ نصف 1,851نشستیں صرف لندن سے ہیں جن کے لیے لندن کی 32 کونسلوں سے انتخابات ہو رہے ہیں البتہ لندن کے چار باروز میں ہیکنی ، لیوشیم ،نیو ہیم اور ٹاور ہملٹس میں مقامی کونسلرز کے انتخابات کے ساتھ ساتھ مئیر کا بھی چناؤ کیا جارہا ہے۔

لندن کے علاوہ 36 میٹرو پولیٹن باروز میں ایک تہائی نشستوں کے لیے آج پولنگ جاری ہے جن میں درجنوں اضلاع کے علاوہ گریٹر مانچسٹر، یورکشائر،ویسٹ مڈلینڈز وغیرہ کے علاقے شامل ہیں۔

یورپی پارلیمان کی کل سات سو چھیاسٹھ نشستوں میں سے برطانیہ 73 ارکان ممبر یورپی یونین کا انتخاب کر کے انھیں آئندہ پانچ برسوں کے لیے برسلز بھیجے گا اسی طرح دیگر 27 رکن ممالک سے یورپی پارلیمان کے اراکین کو آئندہ چار دنوں میں منتخب کیا جائے گا تاہم ہالینڈ میں جمعرات کو ووٹنگ کی جارہی ہے ۔

اگرچہ مقامی کونسلوں کے انتخابات عام طور پر مئی کے مہینے کی پہلی جمعرات کو منعقد کئے جاتے ہیں، لیکن اس سال یورپی یونین کے انتخابات کی وجہ سے یہ الیکشن موخر کئے گئے۔
XS
SM
MD
LG