رسائی کے لنکس

یورپی یونین کا جنوبی افریقہ سے تعلیم کے شعبے میں تعاون کا اعلان


یورپی یونین نے جنوبی افریقہ میں ابتدائی تعلیم کی بہتری کیلیے ساڑھے سولہ کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ عالمی برادری ان کے ملک کی "بنیادی ضرورت" کو پورا کرنے کی اہمیت سمجھ رہی ہے۔

پرائمری تعلیم کی بہتری اور ترویج کیلیے اعلان کردہ امداد یورپی ممالک کے بلاک کی جانب سے جنوبی افریقہ میں دو طرفہ اشتراک سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں مختص کی گئی اب تک کی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔

امداد کی فراہمی کا اعلان صدر جیکب زوما کے حالیہ دورہ بیلجیم میں سامنے آیا جہاں وہ یورپی یونین اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت اور ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے سلسلے میں مذاکرات میں مصروف ہیں۔ صدر زوما نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے دورے کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی مقامی معاشی تنظیم اور یورپین یونین کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے کثیرالجہتی معاہدے پر دستخط ہوجائیں گے۔

تاہم یورپین کونسل کے صدر ہرمن وین رومپے اور یورپی کمیشن کے صدر جوزمینیول بوروسو نے صدر جیکب زوما سے ہونے والے مذاکرات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ مجوزہ معاہدے پر جاری مذاکرات کا سلسلہ سال 2010 کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ صدر زوما کے یورپی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل کیلیے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

واضح رہے کہ یورپی ممالک کی تنظیم جنوبی افریقہ کی سب سے بڑی تجارتی شریک ہے جبکہ دونوں اطراف کے رہنماؤں کے درمیان برسلز میں ہونے والے اپنی نوعیت کے یہ تیسرے مذاکرات ہیں۔

XS
SM
MD
LG