رسائی کے لنکس

یورپی یونین مصنوعی ذہانت کو ریگولیٹ کرے گی


EU AI
EU AI

یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کو ریگولیٹ کرنے کی تجاویز پر غور کر رہی ہے جن میں تیزی سے ترقی کرتی ٹیکنالوجی میں خطرے کا باعث بننے والی ایپلی کیشنز کے لیے سخت قواعد اور تحفظ کے نظام کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

ان تجاویز پر مبنی رپورٹ تنظیم کی ڈیجیٹل شعبے میں وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجی کے معیار اور رفتار کا تعین کرنے والے کی حیثیت برقرار رکھنا ہے۔ یورپ کی خطیر مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کی خواہش مند امریکہ اور چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو یورپی یونین کے قواعد کے مطابق کام کرنا ہوگا۔

یورپی یونین کے ایگزیکٹو کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ قابل بھروسہ مصنوعی ذہانت کے لیے قواعد بنانا چاہتا ہے۔ کمیشن کی سربراہ وون ڈر لیئن کہتی ہیں کہ مصنوعی ذہانت کو لوگوں کی خدمت کرنی چاہیے اس لیے اسے ہمیشہ لوگوں کے حقوق کے مطابق ہونا چاہیے۔

یورپ میں امریکہ اور چین جیسی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں نہیں ہیں اس لیے یورپی یونین چاہتی ہے کہ اس کی ٹیکنالوجیکل خودمختاری متاثر نہ ہو۔ یورپی یونین اس سال کے آخر تک ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے نام سے قانون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں غیر ملکی ڈیجیٹل کمپنیوں سے معاملات کو طے کیا جائے گا۔ کسی پلیٹ فارم سے غیر قانونی مواد کی نشر و اشاعت پر کمپنی کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی۔

حالیہ عرصے میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، گوگل کے سربراہ سندر پچائی اور مائیکروسوفٹ کے صدر بریڈ اسمتھ نے برسلز کے دورے کیے ہیں جنھیں لابنگ کی کوششوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ انٹرنل مارکیٹ کے کمشنر تھری بریٹن کہتے ہیں کہ یورپ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مطابق خود کو نہیں ڈھالے گا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو یورپ کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔

یورپی یونین کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف شعبوں میں ہائی رسک آئی اے سسٹمز کے لیے واضح قواعد تشکیل دینے کی ضرورت ہے جن میں بھرتیاں، صحت عامہ، ٹرانسپورٹ اور قانون کا نفاذ شامل ہے جن میں زیادہ شفافیت اور انسانی نگرانی لازم ہونی چاہیے۔

مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کمپیوٹر کے ذریعے بڑے پیمانے پر ڈیٹا جمع کرتی ہے اور انسانی مدد کے بغیر فیصلے کرتی ہے۔ یہ مختلف شعبوں میں کام کے قابل ہے جیسے فنانشل مارکیٹ میں اسٹاک کی خریدوفروخت یا ہجوم میں چہرے اسکین کرکے مجرموں کی شناخت۔

مصنوعی ذہانت کو ریگولیٹ کرنے کی تجاویز پر 19 مئی تک عوامی مشاورت کی جائے گی۔ ان کے مطابق، یورپی یونین کے حکام مصنوعی ذہانت کے لیے دستیاب ڈیٹا کو اسی طرح جانچنے کی خواہش رکھتے ہیں جیسے کاروں، کھلونوں اور کاسمیٹکس کا معیار جانچا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG