رسائی کے لنکس

پینٹاگون کلاؤڈ کمپیوٹنگ سسٹم کا 10 ارب ڈالر کا ٹھیکہ مائیکروسافٹ کو مل گیا


پینٹاگون نے 10 ارب ڈالر مالیت کے 'کلاؤڈ کمپیوٹنگ' نظام کا ٹھیکہ مائیکروسافٹ کو دینے کا اعلان کیا ہے، جب کہ امیزون، اوریکل اور آئی بی ایم جیسے ٹیکنالوجی کے نامور ادارے بھی بولی لگانے والوں میں شامل تھے۔

اس بڑے پراجیکٹ کا تعلق پینٹاگون کے زیریں ڈھانچے کی تعمیر کرنے سے ہے، جسے 'جوائنٹ انٹرپرائز ڈفینس انفرا اسٹرکچر' کا نام دیا گیا ہے۔

اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ امیزون کا یہ ٹھیکہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ یہ معاملہ گزشتہ ایک سال سے چل رہا تھا، جسے اوریکل نے وفاقی عدالت میں چیلنج کر رکھا تھا۔ لیکن، فیصلہ اوریکل کے خلاف آیا ہے۔

سان فرانسسکو کے حکام کے حوالے سے خبر رساں ادارے، ایسو سی ایٹڈ پریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امیزان کی مسابقتی حیثیت کے معاملے پر بہت تنقید کی جاتی رہی ہے۔ نکتہ چینی کرنے والوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امیزان کے مخالف کاروباری ادارے شامل ہیں۔

اس معاملے پر ٹرمپ نے اس سال جولائی میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ انتظامیہ ٹھیکے کے عمل پر ''باریک بینی سے غور کرے گی''، چونکہ ٹھیکے کے معاملے پر انھیں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس سے قبل، ٹرمپ کئی بار امیزان اور اس کے بانی، جیف بیزوز کے خلاف بیان دے چکے ہیں۔ بیزوز 'واشنگٹن پوسٹ' کے بھی مالک ہیں۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دیگر اداروں نے انھیں بتایا ہے کہ ٹھیکہ ''مسابقتی معیار پر پورا نہیں اترتا''۔

امریکی وزیر دفاع، مارک ایسپر نے اس ہفتے کے آغاز پر اپنے آپ کو ٹھیکے کے متنازع عمل سے دور رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس ضمن میں، انھوں نے 'مفادات کے تصادم' کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیٹا ٹھیکے کے لیے بولی دینے والے ایک ادارے میں کام کرتا ہے۔

'جوائنٹ انٹرپرائز ڈیفینس انفرا اسٹرکچر' کا نظام صیغہ راز کی نوعیت کا وسیع ڈیٹا اسٹور اور پروسیس کرے گا، جس سے امریکی فوج مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے جنگ کے بارے میں اپنی منصوبہ بندی اور لڑنے کی استعداد بڑھانے میں پیش رفت کرے گی۔

گزشتہ برس امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے 'کلاؤڈ اسٹریٹجی' پیش کی گئی تھی۔ اس حکمت عملی میں کہا گیا تھا کہ فوج چاہتی ہے کہ اپنی ''بے ربط اور فرسودہ ٹیکنالوجی پر چلنے والے انفارمیشن سسٹمز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، جس کے لیے کمرشل کلاؤڈ سروس کا استعمال کیا جائے گا۔ اس جدید نظام کی بدولت لڑائی لڑنے والوں کو درکار ڈیٹا میسر آئے گا، جس سے ہماری فوج کو جدید ترین ٹیکنالوجی پر کام کرنے میں مدد ملے گی''۔

پینٹاگون کے اعلان میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ اپنایا گیا طریقہ کار منصفانہ تھا جس میں مروجہ بنیادی ہدایات پر ضروری عمل درآمد کیا گیا ہے۔

اعلان میں اس جانب توجہ دلائی گئی ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران قواعد و ضوابط کے مطابق 10 مختلف کمپنیوں کو 11 ارب ڈالر مالیت کے تین کلاؤڈ کمپیوٹنگ کانٹریکٹس دیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG