رسائی کے لنکس

تماشائیوں نے تشدد کیا تو روس یورو کپ سے باہر ہو جائے گا


تماشائیوں کی دھینگا مشتی کا ایک منظر
تماشائیوں کی دھینگا مشتی کا ایک منظر

یورپیئن فٹبال ایسوسی ایشن نے روسی سوکر فیڈریشن پر ڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

یورپیئن فٹبال ایسوسی ایشن نے متنبہ کیا ہے کہ فرانس میں جاری یوروکپ فٹبال چیمپیئن شپ کے دوران اگر روسی شائقین نے اسٹیڈیم میں تشدد کا مظاہرہ کیا تو روس کی ٹیم کو مقابلوں کے لیے نااہل قرار دے دیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتے مارسیل میں روس اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین پہلا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا لیکن دونوں ٹیموں کے حامیوں کے مابین جھڑپیں ہوئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ایسوسی ایشن نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اگر روسی تماشائیوں نے روس کے بقیہ میچوں کے دوران مخالف ٹیم کے تماشائیوں یا اسٹیڈیم کی سکیورٹی پر حملے کے تو روسی ٹیم کو مقابلوں سے برخاست کر دیا جائے گا۔

یہ پابندی ٹورنامنٹ کے آخر تک برقرار رکھی جائے گی۔

یوروکپ میں روس اپنا اگلا میچ سلوواکیہ کے خلاف بدھ کو اور ویلز کے خلاف آئندہ پیر کو کھیلے گا۔

یورپیئن فٹبال ایسوسی ایشن نے روسی سوکر فیڈریشن پر ڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ یہ جرمانہ اور پابندی انگلینڈ کے سیاہ فام کھلاڑیوں پر روسی تماشائیوں کی طرف سے کسے جانے والے نسل پرستی پر مبنی جملوں اور برطانوی تماشائیوں سے دھینگا مشتی کے باعث عائد کی گئی۔

روس کی طرف سے تاحال اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پیر کو مارسیل میں استغاثہ نے الزام عائد کیا کہ روس کے "انتہائی تربیت یافتہ" ٹھگوں نے شہر میں بدترین مارپیٹ کی۔

XS
SM
MD
LG