رسائی کے لنکس

یورپی ممالک مالیاتی بحران سے نمٹنے میں ایک دوسرے کی مدد کریں: آئی ایم ایف


بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سربراہ نے 17 رکنی یورو بلاک سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے قرضوں زیادہ ذمہ داری قبول کرنے کامظاہرہ کریں لیکن بڑی یورپی اقتصادی قوت جرمنی کا کہناہے کہ وہ یورو زون کے مشترکہ بانڈز کی فروخت کی مخالفت میں کوئی لچک نہیں دکھائے گا۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ نے منگل کے روز لندن میں ایک نیوزکانفرنس میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب یوروزون میں معیشت کا سکڑاؤ جاری ہے، پیداوار میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور امیر ملکوں کو چاہیے کہ وہ قرضوں میں پھنسے ہوئے اپنے ہمسایہ ممالک کا بوجھ بانٹنے کے لیے آگے بڑھیں۔

دنیا کی 34 بڑی معیشتوں کی نمائندگی کرنے والی تنظیم ’آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈولمپنٹ نے بھی مشترکہ بانڈز کی فروخت کی اپیل کی ہے۔

تنظیم نے یہ پیش گوئی بھی کی ہے کہ اس سال یوروزون کی معیشت اس سے قبل لگائے گئے اندازوں کے برعکس مزید سکڑے گی ۔

فرانس کے نو منتخب صدر فرانسوا اولانت ، توقع ہے کہ بدھ کو جب برسلز میں یورپی یونین کے 27 راہنماؤں سے ملاقات کے دوران یورو بانڈ کی فروخت پر زور دیں گے۔

لیکن جرمنی اور شمالی یورپ کے دیگر امیر ممالک یورو زون کے قرضوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ سرمایہ کاری کی سختی سے مخالفت کررہے ہیں۔

انہیں خدشہ ہے کہ قرضوں میں گھرے یونان، اٹلی، سپین اور دیگر ممالک کی مالیاتی ذمہ داریوں میں شریک ہونے سے کم نرخوں پر رقوم حاصل کرنے کی ان کی صلاحیت پر زد پڑے گی۔

XS
SM
MD
LG