رسائی کے لنکس

یورپی مالیاتی بحران کے ذمہ دار فرانس اور جرمنی ہیں: اٹلی


اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹی نے کہاہے کہ ان کا خیال ہے کہ یورپ کا سرکاری قرضوں کا بحران تقریباً ختم ہوچکاہے ، لیکن بدھ کے روز اپنے اس بیان کے دوران انہوں نے الزام لگایا کہ دس سال قبل کے جرمنی اور فرانس کے اقدامات اس بحران کا سبب بنے۔

اطالوی راہنما نے ٹوکیو میں سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2003ء میں جب یورو کرنسی کو یورپ میں بالادستی حاصل کیے محض چار برس ہوئے تھے، جرمنی اور فرانس کی اپنے بجٹ خسارے اور قرضوں پر گرفت ڈھیلی تھی۔

جرمنی اور فرانس کا شمار براعظم یورپ کو دو انتہائی مضبوط اقتصادی قوتوں کے طورپر کیا جاتا ہے۔ لیکن مسٹر مونٹی کا کہناتھا کہ اگر یورو زون کا والداور والدہ ہی اخراجات پر کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیاں کررہے ہوں ، تو پھر یونان اور قرضوں کے بحران میں پھنسے ہوئے دوسرے ملکوں سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ اپنے خساروں پر نظر رکھیں گے۔

گذشتہ دو سال کے دوران یونان کو اپنے مالیاتی بحران سے نکلنے کے لیے دوبار بین الاقوامی بیل آوٹ پروگراموں کی مدد حاصل کرنی پڑی ہے، جب کہ یورپ نے آئرلینڈ اور پرتگال کو ایسے خطرات سے بچانے کے لیے امدادی پیکیج فراہم کیے ہیں۔

لیکن اب مسٹر مونٹی کا کہناہے کہ ان کا خیال ہے کہ بحران کا بدترین حصہ اپنے اختتام کے نزدیک پہنچ چکاہے۔

مسٹر مونٹی 2000ء کے عشرے کے شروع میں یورپی کمشن کے ایک رکن تھے ۔ اس دور میں کمشن نے جرمنی اور فرانس پر پابندیاں لگانے کی تجویز دی تھی کیونکہ یہ دونوں ملک اپنے بجٹ خسارے کو قومی اقتصادی پیداوار کے تین فی صد سے کم رکھنے کے یورو زون کے تقاضے کی خلاف ورزی کررہے تھے۔

لیکن یورپی کونسل نے پابندیوں کی کوشش کو ویٹو کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG